Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلہٹ ٹیسٹ: بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف

بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سلہٹ میں پیر کو خراب روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم کردیا گیا، پاکستان منگل کو چوتھے روز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔
میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 390 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
میزبان ٹیم کو پاکستان کے خلاف 436 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 46 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بنگلہ دیش کی طرف سے کپتان نجم الحسن شانتو اور مشفق الرحیم نے 110 رنز تین وکٹوں کے ساتھ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ 
115 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب نجم الحسن شانتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
مشفق الرحیم نے 137 اور لٹن داس نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 123 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
مہدی حسن مراز 19، تیج الاسلام 22، تسکین احمد چھ، شریف الاسلام 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ناہید رانا کوئی رن نہ بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار، ساجد خان نے تین، حسن علی نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف 156 رنز کی برتری حاصل تھی۔
اتوار کو سلہٹ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔
دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے محمود حسن جوئے 52، مومن الحق 30 اور تنزید حسن چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کے خلاف 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل نو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان شان مسعود 21 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ بابر اعظم 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل آٹھ، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان نے 13 رنز بنائے۔
حسن علی 18، ساجد خان 38 اور خرم شہزاد 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس کوئی رن نہ بناسکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے تین، تین اور تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پہلا روز

میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے، بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دی تھی۔

شیئر: