Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ ایران ثالثی، محسن نقوی کی تہران میں مسعود پزشکیان سے ملاقات

امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے بدھ کو تہران پہنچے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ بات ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے بدھ کو بتائی۔
ایران کے دارالحکومت میں پاکستانی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں اور جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی ایسے وقت میں دوبارہ تہران پہنچے ہیں جب پاسداران انقلاب نے بدھ کو خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل نے اس پر دوبارہ حملے شروع کیے تو مشرق وسطیٰ کی جنگ خطے سے باہر تک پھیل جائے گی۔
پاسداران انقلاب نے گارڈز نے ایک بیان میں کہا کہ ’اگر ایران کے خلاف جارحیت دُہرائی گئی تو اس بار یہ علاقائی جنگ خطے سے باہر پھیل جائے گی، اور ہمارے تباہ کُن حملے آپ کو کچل دیں گے۔‘
پاسداران انقلاب کی جانب سے یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو خبردار کیا تھا کہ ’اگر سمجھوتہ نہ ہوا امریکہ کو ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ایران پر حملے کا فیصلہ کرنے سے محض ایک گھنٹہ دُوری پر تھے جب انہوں نے یہ حملہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں آج حملہ کرنے کا فیصلہ کرنے سے صرف ایک گھنٹہ دُور تھا۔‘
صدر ٹرمپ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ایران کے اعلٰی مذکرات کار باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ’امریکہ ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع کرنا چاہتا ہے۔‘
28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے تجاویز کو تبدیل کرتے ہوئے فریقین نے دھمکیوں میں اضافہ کردیا ہے، 8 اپریل سے ہونے والی جنگ بندی تاحال برقرار ہے۔

شیئر: