Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی، عرفات منہاس کی 5 وکٹیں

پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے پانچ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 201 رنز کا ہدف پاکستان نے 43 ویں اوور کی تیسری گیند پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر عرفات منہاس نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم 45 ویں اوور میں 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جبکہ پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی اننگز

آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 42.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا کر میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
پاکستانی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، تاہم درمیانی اوورز میں بیٹنگ لائن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 33 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور تنویر سنگھا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت 14 گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر میتھیو کوہنیمن کا شکار بنے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور وکٹ کیپر غازی غوری نے شاندار شراکت قائم کی۔ بابر اعظم نے 94 گیندوں پر 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ وہ نیتھن ایلس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
غازی غوری نے بھی بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 92 گیندوں پر 65 رنز سکور کیے، جن میں آٹھ چوکے شامل تھے۔ وہ بھی نیتھن ایلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
میچ کے آخری مرحلے میں عرفات منہاس نے جارحانہ انداز اپنایا اور 17 گیندوں پر 18 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے اختتامی لمحات میں ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔
سلمان علی آغا چار گیندوں پر چھ رنز بنا کر مارنس لبوشین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جبکہ عبدالصمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہنیمن اور تنویر سنگھا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ نیتھن ایلس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ مہنگے ثابت ہوئے۔
باقی بولرز میں مارنس لبوشین نے بھی ایک وکٹ حاصل کی جبکہ میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 201 رنز بنائے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم بڑا سکور بنانے میں ناکام رہی۔
اوپنر میٹ شارٹ نے سب سے زیادہ مزاحمت دکھائی اور 76 گیندوں پر 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے، تاہم وہ عرفات منہاس کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کے ہاتھوں سٹمپ ہو گئے۔
کپتان اور وکٹ کیپر جوش انگلس 22 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عرفات منہاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ مارنس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے بھی عرفات منہاس کا شکار بنے۔
کیمرون گرین بھی کوئی رن بنائے بغیر عرفات منہاس کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جبکہ نیتھن ایلس کو بھی عرفات منہاس نے آؤٹ کیا۔
میٹ رینشا نے شاندار مزاحمت دکھاتے ہوئے 63 گیندوں پر 61 رنز سکور کیے اور پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا، تاہم وہ ابرا ر احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اولی پیک نے 16 گیندوں پر سات رنز بنائے اور سلمان آغا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹینویر سنگھا بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جبکہ میٹ کوہنیمن 24 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بلی سٹین لیک بغیر کسی رنز کے ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے شاندار کارکر دگی دکھاتے ہوئے 10 اوورز میں 32 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
ابرا ر احمد نے 10 اوورز میں 44 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے چھ اوورز میں 19 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔
حارث رؤف اور سلمان آغا نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاداب خان کو کوئی وکٹ نہ مل سکی۔

بابر اعظم نے 94 گیندوں پر 69 رنز سکور کیے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کا 1000 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ 

پاکستان کرکٹ ٹیم پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ہزارواں ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچ کھیل رہی تھی۔ اس تاریخی سنگ میل کے ساتھ پاکستان 1000 ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔
اس یادگار موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو سوونئیر پیش کیا۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ تاریخی میچ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم نے اس تاریخی مقابلے کی میزبانی کی جسے پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تین میچز کی سیریز کے اگلے دو میچز لاہور میں دو اور چار جون کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عبدالصمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔ 

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں میٹ شارٹ، الیکس کیری، جوش انگلس (کپتان اور وکٹ کیپر)، مارنس لبوشین، کیمرون گرین، میٹ رینشا، اولی پیک، نیتھن ایلس، تنویر سنگھا، بلی سٹین لیک اور میٹ کوہنیمن شامل تھے۔ 

شیئر: