Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی معاہدے کے ایک دن بعد اسرائیل  کا جنوبی لبنان پر ڈرون حملہ

مارکو روبیو نے کہا تھا کہ یہ معاہدہ ’پائیدار امن اور سلامتی کے لیے ایک فریم ورک نافذ کرنے کی شروعات ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
لبنان اور اسرائیل کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے سکیورٹی معاہدے کے ایک دن بعد ہفتے کو اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ کو نشانہ بنایا۔
روئٹرز نے لبنان سرکاری خبر رساں ایجنسی کے  حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب ایک دن قبل اسرائیل اور لبنان نے امریکہ کی ثالثی میں ایک سکیورٹی انتظام پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد حزب اللہ کے ساتھ کئی ماہ تک جاری سرحد پار جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک کی سرحد پر کشیدگی کو کم کرنا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں کیے گئے فضائی حملے میں مشتبہ جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
جمعے کو طے پانے والے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا ’ہمیں لبنان کی خودمختار حکومت اور یقیناً اسرائیل کی حکومت کے درمیان، امریکہ کی ثالثی اور تعاون سے ایک فریم ورک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔‘
اس معاہدے کے نتائج واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے پانچ ادوار کا نتیجہ ہیں جس کا مقصد دہائیوں پرانی دشمنی اور جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہفتوں سے جاری لڑائی کا خاتمہ کرنا ہے۔
تاہم اس معاہدے کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مارکو روبیو نے کہا تھا کہ یہ معاہدہ ’پائیدار امن اور سلامتی کے لیے ایک فریم ورک نافذ کرنے کی شروعات ہے۔‘
واشنگٹن میں تعینات لبنان کی سفیر نادیہ حمادہ معوض نے کہا کہ یہ معاہدہ ’لبنانی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بحالی، مستقل اور حتمی طور پر دشمنی کے خاتمے کو یقینی بنانے (اور) ہمارے لوگوں کو ان کی زمین پر واپس جانے کے قابل بنانے کی راہ میں پہلا قدم ہے۔‘

شیئر: