سنہ 2027 کا ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میرا آخری ایونٹ ہوگا: وراٹ کوہلی کا ’ریٹائرمنٹ پلان‘ سامنے آگیا
کوہلی نے کہا کہ ’50 اوور کا ورلڈ کپ ٹی20 سے زیادہ مشکل ہے ۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی نے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال ہونے والا ون ڈے ورلڈ کپ ان کا آخری عالمی کپ ہوگا اور وہ ایک بار پھر ٹرافی اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
37 سالہ کوہلی، جو ٹیسٹ اور ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر ہو کر اب صرف 50 اوور کے فارمیٹ کھیلتے ہیں، نے کہا کہ 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والا ٹورنامنٹ ان کی آخری ورلڈ کپ شرکت ہوگی۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انہوں نے براڈکاسٹر جیو سٹار کو بتایا کہ ’میرے لیے یہ آخری ورلڈ کپ ہے جو میں انڈیا کے لیے کھیلنے جا رہا ہوں۔ اور مقصد بالکل ورلڈ کپ جیتنا ہے، چاہے جو بھی کرنا پڑے۔ میں بالکل تیار ہوں۔‘
ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کو انڈیا کی 2027 ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کوہلی ون ڈے کرکٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جنہوں نے 54 سینچریاں اور 14 942 رنز بنائے ہیں۔ وہ 2011 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے جس کی قیادت مہندر سنگھ دھونی نے کی تھی۔
کوہلی نے کہا کہ ’50 اوور کا ورلڈ کپ ٹی20 سے زیادہ مشکل ہے کیونکہ اس میں جسمانی اور ذہنی دونوں طرح کا دباؤ ہوتا ہے50 اوور ورلڈ کپ کی شدت کسی بھی چیز سے زیادہ ہے۔ بڑے ٹورنامنٹ میں 10 میچوں تک اس شدت کو برقرار رکھنا بہت بڑا کام ہے، خاص طور پر غیرملکی حالات میں۔ یہ آپ سے بہت کچھ لے لیتا ہے۔‘
کوہلی اور روہت شرما نے 2024 ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اس سے ایک سال پہلے انڈیا نے اپنے گھر میں ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھائی تھی۔
انڈیا کے بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے کہا کہ دونوں کا تجربہ ٹیم کے ماحول کو مضبوط کر رہا ہے، ’مجھے یقین ہے کہ ٹیم کا ماحول شاندار ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں صرف ایک سال باقی ہے۔‘
