’غیرضروری سفر نہ کریں‘، بارش اور آندھی کی پیشگوئی کے بعد موٹر وے پولیس کی ایڈوائزری
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج اور کل شدید بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی کے بعد موٹر وے پولیس نے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
منگل کو موٹر وے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سات اور آٹھ جولائی کو ملک کے بیشر علاقوں میں موسلادھار بارش اور تیز آندھی چلنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
اس لیے مسافر اور سیاح خود کو موسمی صورت حال سے آگاہ رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا بھی پڑے تو احتیاط سے کام لیں۔
بیان کے مطابق ’بارش کے باعث قومی شاہراہوں پر پھسلن پیدا ہونے اور حد نگاہ متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ اس لیے رفتار کم اور دوسری گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھا جائے جبکہ ہیڈلائٹس کا استعمال بھی لازماً کیا جائے۔‘
اسی طرح پہاڑی علاقوں کی طرف سفر بھی گریز کیا جائے کیونکہ وہاں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی کے امکانات ہیں اس لیے سیلابی پانی سے گزرنے کی قطعاً کوشش نہ کریں۔
اسی طرح دیگر مشوروں میں دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کرنے اور سڑک پر توجہ مرکوز رکھنے کا کہا گیا ہے۔
’سفر شروع کرنے سے قبل موٹر ویز اور ہائی ویز کی صورت حال جاننے اور دوران سفر رہنمائی اور مدد کی صورت میں موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔‘
خیال رہے این ڈی ایم اے کی جانب سے پیر کو چھ سے 10 جولائی تک بارش تک بارش کی پیش گوئی کی تھی، جس کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی اور بعض دوسرے علاقوں میں عصر کے وقت بارش ہوئی تھی۔
جبکہ آج اور کل کے دوران بعض علاقوں میں شدید بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادارے کے بیان میں پیر کو بتایا گیا تھا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں آج سے فعال موسمی نظام داخل ہو رہا ہے جس سے خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح سات سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان بھی موجود ہے جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں اس لیے دریاؤں کی سطح میں اضافے کے بھی امکانات ہیں۔
