Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور بارشیں: خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں سیلاب کا خطرہ

شدید بارشوں کے باعث شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 16 سے 19 جون کے دوران خیبر پختونخوا، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں ممکنہ بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے نتیجے میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔  
منگل کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے بند ٹوٹنے کے باعث پہاڑی علاقوں سے آنے والے ندی نالوں میں پانی کے شدید بہاؤ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 16 سے 20 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں 16 سے 20 جون کے دوران  تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا باعث بنے گا۔
اسلام آباد سمیت پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، پاکستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلیشیائی جھیلوں کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی متوقع ہے۔ 
این ڈی ایم اے کے بیان کے مطابق حسن آباد، شسپر، گلکن، گلمیت، پاسو، نگر، غذر، سکردو اور شگر کے علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب یا گلاف کا شدید خطرہ ہے۔
جبکہ بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی موجود ہے۔ 
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

شیئر: