Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ انتظامات میں 21سرکاری اداروں کی خدمات

مکہ مکرمہ - - - -امسال رمضان المبارک کے دوران معتمرین کو مطلوب تمام سہولتیں بہتر شکل میں مہیا کرنے والے 21سرکاری اداروں نے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کو جامع رپورٹ پیش کردی۔ وزارت حج و عمرہ نے بھی انتظامات میں کلیدی کردار ادا کیا اور تمام سرکاری انتظامات کی کاوشوں کو اپنے سائبان تلے لاکر منظم اور مربوط کیا۔ خالد الفیصل نے ضیوف الرحمن کو سہولتیں فراہم کرنے، رمضان کے عمرہ موسم کو کامیاب بنانے اور زائرین کو اطمینان و سکون اور سہولت و آسانی کے ساتھ عمرہ کے شعائر ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے پر تمام سرکاری و نجی اداروں خصوصاً وزارت حج وعمرہ کا شکریہ ادا کیا۔ افطار و سحر شٹل سروس ، آب زمزم کی فراہمی، پارکنگ لاٹس، سیکیورٹی انتظامات، صحت خدمات،رہنمائی و آگہی کاا ہتمام کیا گیا۔مجلس عاملہ کے چیئرمین ڈاکٹر ہشام الفالح نے جامع رپورٹ میں بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران حرم شریف کے اطراف تمام منفی سرگرمیوں کا قلع قمع کیا گیا۔ 595افراد نے 41گاڑیوں، 20بسوں، 25موٹر سائیکلوں، 75لاسلکی اور 6کمپیوٹرز کی مدد سے اپنا فرض ادا کیا۔ مسجد الحرام کے صحنوں میں پر وقا ر طریقے سے5.11 ملین افطار پیکٹ اور مقدس شہر کی مساجد میں 25.11ملین افطار پیکٹ تقسیم کئے گئے۔ علاوہ ازیں ایک لاکھ 80ہزار پارکنگ لاٹس اور 890ہزار جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقسیم کئے گئے۔ضیافتی کمیٹی نے اس فرض کی ادائیگی میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ 35ملین افراد کو پارکنگ لاٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنوں سے 2ہزار بسوں کے ذریعے شٹل سروس فراہم کی گئی۔ امسال معتمرین کے خدمت گاروں کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ بڑے پیمانے پر تربیتی کورس کرائے گئے۔معتمرین کو جدہ ہوائی اڈے ، بندرگاہ اور مقدس شہر میں مواصلاتی سہولتیں زیادہ بہتر شکل میں مہیا کی گئیں۔ ہلال احمر کے 692اہلکاروں نے 55ایمبولینسوں، 5موٹر سائیکلوں، 40کمپیوٹرز اور 81لاسلکی کی مدد سے صحت خدمات پیش کیں۔پانی کی فراہمی کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ بجلی کا نیٹ ورک 24گھنٹے مستعد رہا۔ جوازات کے اہلکاروں اور افسران نے امیگریشن کی کارروائی مستعدی کیساتھ نمٹائی۔ معتمرین کی رہائش کے انتظامات بھی تسلی بخش رہے۔

شیئر: