Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میراڈونا کے ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول والی گیند 93 کروڑ پاکستانی روپے میں نیلام

فٹ بال کی متوقع مالیت 7.3 ملین پاؤنڈ تھی تاہم حتمی بولی اس قیمت تک نہ پہنچ سکی (فوٹو: اے ایف پی)
ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کے 1986 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی فٹ بال 2.5 ملین پاؤنڈ، یعنی تقریباً 93 کروڑ پاکستانی روپے میں نیلام ہوگئی۔
تاہم یہ قیمت اس کی متوقع مالیت سے تقریباً 5 ملین پاؤنڈ، یعنی تقریباً 185 کروڑ پاکستانی روپے کم رہی۔
سپورٹس ویب ای ایس پی این کے مطابق امریکہ کے شہر ڈلاس میں قائم ہیریٹیج آکشنز کی سنیچر کی شب ہونے والی نیلامی میں ایڈیڈاس کی ’ایزٹیکا‘ فٹ بال 2.5 ملین پاؤنڈ میں فروخت ہوئی۔
فٹ بال کی متوقع مالیت 7.3 ملین پاؤنڈ تھی تاہم حتمی بولی اس قیمت تک نہ پہنچ سکی۔ نیلامی میں فٹ بال کی ابتدائی قیمت 1.8 ملین پاؤنڈ مقرر کی گئی تھی۔
میراڈونا نے 1986 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف دو گول کیے تھے جس کے بعد ارجنٹائن 2-1 سے میچ جیتا تھا۔
ان کا پہلا گول ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے مشہور ہوا جب متنازع طور پر انہوں نے انگلینڈ کے گول کیپر پیٹر شلٹن کے سامنے ہاتھ کی مدد سے گیند کو جال میں پہنچایا۔
میراڈونا نومبر 2020 میں انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے میچ کے بعد اپنے گول کے بارے میں کہا تھا کہ یہ ’میراڈونا کے سر اور خدا کے ہاتھ‘ سے ہوا۔
ارجنٹائن کے کپتان نے اسی میچ میں دوسرا گول بھی کیا جسے بعد میں فیفا نے ’گول آف دی سنچری‘ قرار دیا۔
میراڈونا نے میدان کے وسط سے گیند اپنے قبضے میں رکھی، انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ڈرِبل کرتے ہوئے آگے بڑھے اور گول کیپر پیٹر شلٹن کو چکما دے کر گیند جال میں پہنچا دی جس سے ارجنٹائن کو 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔
اس میچ کے ریفری تیونس کے علی بن ناصر تھے جنہوں نے میچ کے اختتام پر فٹ بال اپنے پاس رکھ لی اور اسے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک محفوظ رکھا۔
علی بن ناصر نے 2023 میں ایک خط پر دستخط کرکے تصدیق کی تھی کہ یہی وہ واحد فٹ بال تھی جو اس میچ میں استعمال ہوئی تھی جس کی بعد میں آزاد ماہرین نے بھی تصدیق کی۔
علی بن ناصر نے یہ فٹ بال 2022 میں 1.74 ملین پاؤنڈ میں فروخت کی تھی۔
گیند کے نئے مالک نے 2023 میں فٹ بال کو دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیا تاہم مقررہ کم از کم قیمت پوری نہ ہونے کے باعث اسے فروخت نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ میراڈونا کی اسی میچ میں پہنی ہوئی شرٹ بھی 2022 میں لندن کے سوتھبیز نیلام گھر میں 7.1 ملین پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔

شیئر: