Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زین الدین زیدان فرانس کی قومی فٹ بال ٹیم کے نئے کوچ مقرر

زین الدین زیدان نے بطور کھلاڑی 1998 کا ورلڈ کپ اور 2000 کی یورپی چیمیئن شپ جیتی تھی (فوٹو: اے پی)
فرانس فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ زین الدین زیدان کو فرانس کی قومی فٹ بال ٹیم کا نیا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرری پہلے ہی متوقع تھی، اور یہ دیدیا دیشامپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد عمل میں آئی ہے۔
54 سالہ زین الدین زیدان کو طویل عرصے سے اس عہدے کے لیے سب سے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا اور وہ کئی برسوں سے قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھالنے کے موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
زین الدین زیدان اب دیدیا دیشامپ کی جگہ ذمہ داری سنبھالیں گے، جن کا فرانس کی ٹیم کے ساتھ کوچنگ کا دور 2012 میں شروع ہوا تھا اور یہ رواں ماہ کے آغاز میں اُس وقت اختتام پذیر ہوا جب فرانس ورلڈ کپ میں چوتھے نمبر پر رہا۔
دیدیا دیشامپ نے فرانس کو سال 2018 کے ورلڈ کپ میں عالمی چیمپین بنوایا تھا جبکہ چار سال بعد ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹیم کو فائنل تک پہنچایا تھا۔
سابق ریال میڈرڈ سٹار زین الدین زیدان 1998 کی ورلڈ کپ جیتنے والی فرانسیسی ٹیم میں دیدیا دیشامپ کے ساتھی کھلاڑی بھی تھے، اور وہ 2021 میں ریال میڈرڈ چھوڑنے کے بعد سے ہی اس ذمہ داری کے لیے خود کو تیار کر رہے تھے۔
پیرس میں فرانس فٹ بال فیڈریشن کے ہیڈکوارٹرز میں بطور کوچ تعیناتی کے بعد زین الدین زیدان نے کہا کہ ’فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ ہی وہ واحد ذمہ داری تھی جو میں چاہتا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ چار یا پانچ برسوں کے دوران مجھے مختلف کلبز کی جانب سے کوچنگ کی پیشکشیں ہوئی، لیکن میں نے فرانس کی قومی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنے کی خواہش کی وجہ سے ان تمام پیشکشوں کو مسترد کر دیا۔‘

زین الدین زیدان نے کوچ کی حیثیت سے اب تک صرف ایک کلب ریال میڈرڈ کی کوچنگ کی ہے (فوٹو: روئٹرز)

زین الدین زیدان اب اپنے سابق ساتھی کھلاڑیوں لوران بلان اور دیدیا دیشامپ کے نقشِ قدم پر چلیں گے، جو اُن سے قبل فرانس کی قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ لوران بلان نے 2010 سے 2012 تک جبکہ دیدیا دیشامپ نے 2012 سے ٹیم کی کوچنگ کی۔
سابق فرانسیسی مڈفیلڈر زین الدین زیدان نے بطور کھلاڑی 1998 کا ورلڈ کپ اور 2000 کی یورپی چیمیئن شپ جیتی تھی۔ انہوں نے کوچ کی حیثیت سے اب تک صرف ایک کلب ریال میڈرڈ کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔
سپین کے معروف کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ اپنے دور میں زین الدین زیدان نے ٹیم کو 2016، 2017 اور 2018 میں مسلسل تین مرتبہ چیمپینز لیگ کا ٹائٹل جتوایا، جو اس مقابلے کی جدید تاریخ میں ایک منفرد اور بے مثال کامیابی ہے۔

 

شیئر: