فٹبال کی تاریخ کا سب سے متنازع گول: میراڈونا کے ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول کی گیند امریکہ میں نیلامی کے لیے پیش
ارجنٹائن نے اس میچ میں کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں 1986 کا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر لیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی جانب سے 1986 کے فٹبال ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف کیے گئے متنازع ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی گیند رواں ماہ امریکہ میں نیلام کی جائے گی، جس کی متوقع قیمت ایک کروڑ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 1986 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں میراڈونا نے انگلینڈ کے خلاف گیند کو ہاتھ سے جال میں پہنچایا، تاہم ریفری اس خلافِ قانون حرکت کو نہ دیکھ سکا۔
میچ کے بعد میراڈونا نے کہا تھا کہ یہ گول ’کچھ میراڈونا کے سر سے اور کچھ خدا کے ہاتھ سے ہوا۔‘
یہی جملہ بعد میں ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہو گیا۔
ارجنٹائن نے اس میچ میں کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں 1986 کا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر لیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم ہیریٹیج آکشنز کے مطابق یہ تاریخی گیند 21 سے 23 اگست کے دوران نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی، جہاں اس کی ابتدائی بولی 25 لاکھ ڈالر سے شروع ہوگی، جبکہ ماہرین کو توقع ہے کہ اس کی قیمت آٹھ ہندسوں یعنی ایک کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
نومبر 2020 میں انتقال کر جانے والے میراڈونا کی اسی میچ میں پہنی گئی جرسی اس وقت دنیا کی مہنگی ترین فٹبال جرسی کا ریکارڈ رکھتی ہے، جو 93 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان فٹبال کی تاریخی رقابت اس سال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ایک بار پھر سامنے آئی، جہاں ارجنٹائن نے انگلینڈ کو شکست دی، تاہم فائنل میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
سیاسی طور پر بھی دونوں ممالک کے درمیان فاک لینڈ جزائر کی خودمختاری کا تنازع کئی دہائیوں سے جاری ہے۔