کرسٹیانو رونالڈو اب فٹ بال ایجنٹس پر مبنی ٹی وی ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے
کرسٹیانو رونالڈو اب فٹ بال ایجنٹس پر مبنی ٹی وی ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے
منگل 28 جولائی 2026 16:42
النصر کے سٹار کھلاڑی فٹبال ایجنٹوں کی دنیا پر مبنی ایک نئے ٹیلی وژن ڈرامے کی تیاری کرنے کے علاوہ اس میں اداکاری بھی کر رہے ہیں (فوٹو: گیٹی)
کرسٹیانو رونالڈو فٹبال سے آگے بڑھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں تنوع لا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق النصر کے سٹار کھلاڑی فٹبال ایجنٹوں کی دنیا پر مبنی ایک نئے ٹیلی وژن ڈرامے کی تیاری کرنے کے علاوہ اس میں اداکاری بھی کر رہے ہیں۔
دی سن کی ایک رپورٹ کے مطابق پرتگالی فارورڈ نے ’کنگز مین‘ کے ہدایت کار میتھیو وان کے ساتھ مل کر ’ڈے ونز‘ نامی سیریز پر کام شروع کیا ہے، جو ایک فرضی فٹبال ایجنٹ سٹینلے ڈالٹن کے گرد گھومتی ہے۔ اس کردار کو اداکار ڈیمین لیوس ادا کر رہے ہیں۔
اس شو کا خیال فٹبال ایجنٹ ڈیرن ڈین نے پیش کیا، جو لندن میں پہلے ہی فلمایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس میں فٹبال لیجنڈ تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو بھی جلوہ گر ہوں گے۔
رونالڈو اس منصوبے میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے ساتھ ساتھ سکرین پر بھی نظر آئیں گے۔ یہ پراجیکٹ یو آر-مارو سٹوڈیوز کی پہلی ٹیلی وژن سیریز ہے، جو انہوں نے گزشتہ سال میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کی تھی۔ یہ کمپنی دراصل فلم ساز کے مارو سٹوڈیوز کا ذیلی ادارہ ہے۔
یو آر-مارو اس سے قبل اعلان کر چکا ہے کہ وہ دو سپورٹس فلمیں مکمل کر چکا ہے اور اس کا مقصد روایتی کہانی سنانے کے انداز کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنا ہے۔ ڈیڈ لائن کے مطابق، ’ڈے ونز‘ کی مالی معاونت خود سٹوڈیو کر رہا ہے۔
میتھیو وان اپنی ہدایت کاری کے حوالے سے معروف ہیں، جن کی فلموں میں ’لیئر کیک‘، ’ایکس مین: فرسٹ کلاس‘ اور ’کنگز مین‘ فرنچائز شامل ہیں۔
رونالڈو اس منصوبے کے ایگزیکٹو پروڈیوسر تو ہیں ہی بلکہ وہ سکرین پر بھی نظر آئیں گے (فوٹو: روئٹرز)
یہ ٹیلی وژن منصوبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب رونالڈو کھیلوں میں اپنے کیریئر کے بعد کے مستقبل پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ 41 سالہ کھلاڑی اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب النصر سے وابستہ ہیں، اور ان کا ورلڈ کپ کیریئر اس وقت اختتام پذیر ہوا جب پرتگال کو پری کوارٹر فائنل میں بعد ازاں چیمپیئن بننے والی ٹیم سپین نے شکست دی۔
دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کیے جانے والے رونالڈو نے ریال میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ شاندار کامیابیاں سمیٹیں، جس کے بعد وہ سال 2023 میں سعودی عرب منتقل ہو گئے۔