سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے وزیرِاعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے کی تازہ صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتوار کو گفتگو میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی اور ملیشیا کی جانب سے مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے اہم تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی بھی مذمت کی اور مملکت کی سلامتی کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے کشیدگی پر قابو پانے کے لیے سعودی عرب کے تحمل پر مبنی مؤقف کو سراہا اور سعودی عرب اور پڑوسی ممالک کے خلاف حملوں کے لیے عراقی سرزمین کے استعمال کو روکنے کی عراقی حکومت کی کوششوں کی حمایت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔