خلیج عرب میں قطر کے گیس ٹینکر پر حملہ، سعودی عرب کی شدید مذمت
بیان میں تمام خلاف ورزیوں کو مسترد کیے جانے کیے کا اعادہ کیا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے خلیج عرب کے پانیوں میں قطر گیس ٹرانسپورٹ کمپنی کے ایل این جی ٹینکر ’المایدہ‘ کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ان تمام خلاف ورزیوں کو مسترد کیے جانےکے موقف کا اعادہ کیا جو جہاز رانی اور بین الاقوامی توانائی کی ترسیل کی سکیورٹی اور سیفٹی کے لیے خطرہ ہیں۔
بیان میں سعودی عرب نے قطر کی جانب سے اپنے بحری جہازوں کے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کی سکیورٹی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی سپورٹ اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزارت نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ بحری سلامتی اور بین الاقوامی تجارت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور اس حوالے سے بین الاقوامی قانون کا اطلاق کیا جانا چاہیے۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلیج عرب کے پانیوں سے گزرنے والے ایک ٹینکر کو نا معلوم سمت سے ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا یہ واقعہ جمعے کو پیش آیا۔ قطری ٹرانسپورٹ کمپنی کا ٹینکر ’المایدہ‘ نشانہ بنا تاہم حملے میں ٹینکر کے عملے کا کوئی اہلکار ہلاک و زخمی نہیں ہوا اور نہ اس حملے سے ماحول پر منفی اثر پڑا ہے۔
قطری ٹرانسپوٹ کمپنی کا کہنا ہے گیس ٹینگر محفوظ اور بدستور فعال ہے۔
یاد رہے فروری میں مشرق وسطی میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران آبنائے ہرمز اور وسیع تر خلیجی خطے میں بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کا مقصد جہاز رانی پر کنٹرول قائم کرنا ہے۔
ایران کا موقف ہے جہازوں کو آبنائے سے گزرنے سے قبل اس سے اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ اس کے جواب میں امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
