سعودی وزارت حج و عمرہ کے لیے جی سی سی ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈ
عازمین کے لیے ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دینے کی کوششوں کا اعتراف ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے جی سی سی ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ 2026 کے ساتویں ایڈیشن میں ’بہترین ڈیجیٹل سرکاری ادارے‘ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ ایوارڈ عازمین حج کے لیے ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دینے، آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے اور یوزر کے تجربے کو بہتر بنانے کی کوششوں کا اعتراف ہے۔
سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بحرین میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ وصول کیا۔
واضح رہے وزارتِ حج وعمرہ نے ڈیٹا سینٹر کو مکمل طور پر کلاؤڈ پر منتقل کیا ہے۔
وزارت کا ڈیجیٹل ایکو سسٹم نسک پلیٹ فارم کے ذریعے 5 کروڑ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے۔
وزارت کی ڈیجیٹل سروسز کی تعداد 500 سے زیادہ ہے۔ یہ سروسز 70 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے عازمین حج اور زائرین کے لیے فراہم کی جاتی ہیں۔
وزارت مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی وسعت دے رہی ہے تاکہ صارفین کو بہتر سے بہتر و معیار سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے جی سی سی ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ رکن ممالک میں نمایاں ڈیجیٹل منصوبوں اور اقدامات کی حوصلہ افزائی، جدت اور سرکاری ڈیجیٹل نظام میں بہترین طریقہ کار کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
سالِ رواں سعودی عرب نے اس سال مختلف کیٹگریز میں چار ایوارڈ اپنے نام کیے جو مختلف شعبوں میں قومی ڈیجیٹل کامیابیوں اور تنوع کی عکاس ہے۔
