ٹیکنالوجی ڈاکٹر اور مریض کے تعلق کو وقت کے ساتھ ساتھ کیسے بدل رہی ہے؟
ٹیکنالوجی ڈاکٹر اور مریض کے تعلق کو وقت کے ساتھ ساتھ کیسے بدل رہی ہے؟
بدھ 14 اکتوبر 2026 6:31
نتائج کو ہمیشہ مریض کی علامات، طبی تاریخ، جسمانی معائنے اور دیگر ٹیسٹوں کے ساتھ ملا کر دیکھنا چاہیے (فوٹو: اے ایف پی)
مصنوعی ذہانت (اے آئی) صحت کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں لا رہی ہے۔ اب یہ نہ صرف بیماریوں کی تشخیص میں مدد دے رہی ہے بلکہ مریضوں کی نگرانی، علاج کی منصوبہ بندی اور دور دراز سے طبی مشاورت کو بھی آسان بنا رہی ہے۔
اس کے نتیجے میں صحت کی سہولیات زیادہ قابلِ رسائی، مؤثر اور ڈیٹا پر مبنی ہوتی جا رہی ہیں۔
گلینیگلز ہسپتال ممبئی کی کنسلٹنٹ اینستھیزیولوجسٹ اور کلینیکل اے آئی سمٹ 2026 کی کنوینر ڈاکٹر میرا سنتوش کہتی ہیں کہ ’جب مریضوں کی بات آتی ہے تو اس میں بہتر فالو اپ اور ذاتی نوعیت کی نگہداشت شامل ہے۔ تاہم ٹیکنالوجی ڈیٹا کی رازداری، معلومات کی درستگی اور طبی فیصلوں میں انسانی کردار سے متعلق مختلف سوالات بھی پیدا کرتی ہے۔‘
اے آئی ٹولز طبی تصاویر، ایکس رے، سی ٹی سکین اور میموگرامز کا تجزیہ کرکے ایسی غیر معمولی علامات کی نشاندہی کر سکتے ہیں جنہیں مزید جانچ کی ضرورت ہو۔ تاہم یہ ٹولز غلطی بھی کر سکتے ہیں، اس لیے ان کے نتائج کو ہمیشہ مریض کی علامات، طبی تاریخ، جسمانی معائنے اور دیگر ٹیسٹوں کے ساتھ ملا کر دیکھنا چاہیے۔
ذاتی نوعیت کا علاج اور نگرانی
ہر مریض کا علاج پر ردعمل مختلف ہوتا ہے۔ ڈاکٹر میرا سنتوش کے مطابق اے آئی مریض کی طبی تاریخ اور ٹیسٹ نتائج کا جائزہ لینے میں ڈاکٹروں کی مدد کر سکتی ہے تاکہ علاج کی بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔
اب ویئریبل ڈیوائسز اور ڈیجیٹل ہیلتھ ایپلی کیشنز کے ذریعے دل کی دھڑکن، نیند کے معمولات اور جسمانی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔ یہ معلومات ڈاکٹروں کو مریضوں کی حالت کی نگرانی اور کسی بھی اہم تبدیلی کی بروقت نشاندہی میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ تاہم علاج سے متعلق حتمی فیصلے ڈاکٹر کو ہی کرنے چاہییں، جو مریض کی مجموعی صحت کو مدنظر رکھتا ہے۔
یہ جاننا ضروری ہے کہ جہاں جسمانی معائنہ ضروری ہو، وہاں آن لائن ٹولز اس کا متبادل نہیں بن سکتے (فوٹو: اے ایف پی)
ورچوئل مشاورت اور بہتر رسائی
اے آئی سے چلنے والے چیٹ بوٹس اور ورچوئل ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم مریضوں کو بنیادی طبی معلومات حاصل کرنے، اپوائنٹمنٹس منظم کرنے اور ادویات یا فالو اپ وزٹس کی یاددہانی میں مدد دے رہے ہیں۔
ٹیلی کنسلٹیشنز دور دراز علاقوں میں رہنے والے یا نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کو بغیر کسی دقت کے طبی ماہرین سے رابطے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
تاہم یہ جاننا ضروری ہے کہ جہاں جسمانی معائنہ ضروری ہو، وہاں آن لائن ٹولز اس کا متبادل نہیں بن سکتے۔ مریضوں کو چیٹ بوٹس پر انحصار کرکے خود تشخیص کرنے یا طبی علاج میں تاخیر سے گریز کرنا چاہیے، خاص طور پر جب آن لائن ٹول ان کی علامات کو معمولی قرار دے رہا ہو۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔
ڈیٹا کی رازداری اہم ہے
اگر مصنوعی ذہانت کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے تو یہ ڈاکٹر اور مریض کے تعلق کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مریضوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کی طبی معلومات کس طرح جمع، محفوظ اور استعمال کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر سنتوش ماہرین پر زور دیتی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اے آئی ٹولز قابلِ اعتماد، اچھی طرح آزمائے ہوئے اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیے جائیں تاکہ مریضوں کے مفادات کا تحفظ ہو سکے۔
اگر مصنوعی ذہانت کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے تو یہ ڈاکٹر اور مریض کے تعلق کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے اور مریضوں کی حفاظت، رازداری اور ہمدردانہ نگہداشت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔