Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوگر کے مریضوں کی قوتِ سماعت متاثر ہونے کا خدشہ، حقیقت کیا ہے؟

سماعت کی کمزوری سے روزمرہ گفتگو متاثر ہو رہی ہو تو اِس مسئلے کو بڑھنے سے قبل ہی اِس پر توجہ دی جانی چاہیے (فوٹو: گیٹی)
ذرا تصور کیجیے کہ آپ خاندان کے ساتھ دوپہر کے کھانے پر بیٹھے ہیں۔ سب لوگ باتیں کر رہے ہیں، کھانا بھی بہترین ہے اور ایک ہی وقت میں تین الگ الگ موضوعات پر گفتگو ہو رہی ہے۔ آپ کو اردگرد کی آوازیں تو سنائی دے رہی ہیں، لیکن اپنے ساتھ ہی تشریف فرما شخص کی بات ٹھیک طرح سے سمجھ نہیں آ رہی۔
یہ بظاہر کسی شور شرابے والی جگہ پر بیٹھنے یا عمر بڑھنے کی ایک علامت مخصوص ہو سکتی ہے۔ لیکن اُس وقت بالخصوص جب کئی لوگ بیک وقت بات کر رہے ہوں، تو گفتگو سمجھنے میں دشواری سماعت میں کمی کی ابتدائی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ آپ اگر ذیابیطس کے مریض ہیں تو اِس مسئلے پر توجہ دینا اور بھی ضروری ہے۔
ہم عموماً شوگر کا تعلق خون میں شکر کی مقدار، گردوں، آنکھوں اور دل کے مسائل سے جوڑتے ہیں۔ سماعت کا خیال شاذ ہی ذہن میں آتا ہے۔
تاہم تحقیق سے یہ پتا چلتا ہے کہ شوگر کے مریضوں میں اِس مرض سے متاثر نہ ہونے والے افراد کے مقابلے میں سماعت کمزور ہونے کا اِمکان زیادہ ہوتا ہے۔
امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق، شوگر کے مریضوں میں سماعت کی کمزوری کا مسئلہ اُن کے اپنے ہم عمر اُن افراد کے مقابلے میں تقریباً دو گنا زیادہ عام ہے جنہیں شوگر نہیں ہوتی۔

شوگر کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ اپنے معمول کے طبی معائنے میں سماعت کی جانچ کو بھی شامل کریں (فوٹو: گیٹی)

اِس کا مطلب یہ نہیں کہ شوگر کے ہر مریض کی سماعت لازماً ہی متاثر ہوگی، البتہ اِس کا مطلب یہ ضرور ہے کہ سماعت میں آنے والی تبدیلیوں کو عمر بڑھنے کا ایک لازمی نتیجہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ آپ کو اگر بار بار دوسروں سے اونچی آواز میں بات کرنے کے لیے کہنا پڑتا ہے، ریستورانوں میں لوگوں کی گفتگو سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے یا آپ ٹیلی ویژن کی آواز پہلے سے زیادہ بلند کرنے لگے ہیں تو اپنی سماعت کا معائنہ کروانے کا وقت آ گیا ہے۔
خون میں شکر کی مقدار کا سماعت سے کیا تعلق ہے؟
ماہرین کہتے ہیں کہ ’کان کا اندرونی نظام غیرمعمولی طور پر حساس ہوتا ہے۔ آواز کو دماغ کے لیے قابلِ فہم اشاروں میں تبدیل کرنے کے لیےکانوں کو خون کی مسلسل فراہمی اور صحت مند اعصاب کی ضرورت ہوتی ہے۔ خون میں جب طویل عرصے تک شکر کی مقدار زیادہ رہے تو اِس عمل میں شامل باریک خون کی نالیوں اور اعصاب کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’اِس نقصان کے نتیجے میں کسی شخص کی سننے کی صلاحیت بتدریج متاثر ہو سکتی ہے۔‘
شوگر کے مریض سماعت میں کمی کی کن علامات کو نظرانداز نہ کریں؟
ناک، کان اور گلے کے امراض کے ماہرین کے مطابق، سماعت کی کمزوری عموماً بتدریج پیدا ہوتی ہے۔ چناں چہ اِس کی علامات کو پہچاننا آسان نہیں ہوتا، خصوصاً اس لیے بھی کہ لوگ اکثر چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں کے عادی ہو جاتے ہیں اور انہیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ اِن کی سماعت متاثر ہو رہی ہے۔

شوگر کے مریضوں میں سماعت کی کمزوری کا مسئلہ اُن کے اپنے ہم عمر اُن افراد کے مقابلے میں تقریباً دو گنا زیادہ عام ہے جنہیں شوگر نہیں ہوتی (فوٹو: فیملی ای این ٹی)

< بعض اوقات متاثرہ شخص سے پہلے اُس کے گھر والے مسئلے کو بھانپ لیتے ہیں۔ وہ شکایت کر سکتے ہیں کہ ٹیلی ویژن کی آواز بہت بلند ہے یا اِنہیں بتانا پڑتا ہے کہ ایک ہی بات کئی مرتبہ دہرانے کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔
< پُرہجوم جگہوں پر لوگوں کی بات سمجھنے میں دشواری۔
< گفتگو کے دوران بعض باتیں سننے سے رہ جانا۔
< فون پر بات کرنے والے شخص کی گفتگو سمجھنے میں پہلے سے زیادہ مشکل پیش آنا۔

سماعت کی کمزوری سے روزمرہ گفتگو متاثر ہو رہی ہو تو اِس مسئلے کو بڑھنے سے قبل ہی اِس پر توجہ دی جانی چاہیے (فوٹو: زیابیطیس وک)

آپ اگر شوگر کے مریض ہیں اور اِن میں سے کوئی تبدیلی محسوس کرتے ہیں تو اگلی مرتبہ ڈاکٹر سے معائنے کے دوران اِس کا ذکر ضرور کریں۔ ناک، کان اور گلے کا ماہر کان کا معائنہ کرکے اِن عام وجوہات کا پتا لگا سکتا ہے جن کا علاج ممکن ہے، مثلاً کان میں میل جمع ہونا یا پردۂ سماعت کے پچھلی جانب رطوبت جمع ہو جانا۔ سماعت کا ٹیسٹ یہ معلوم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے کہ آپ کو کون سی آوازیں سننے میں دشواری پیش آ رہی ہے اور بعدازاں اِس کے علاج کے لیے کیا اقدامات کرنے چاہییں۔
سماعت کا ٹیسٹ کب کروانا چاہیے؟
شوگر کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ اپنے معمول کے طبی معائنے میں سماعت کی جانچ کو بھی شامل کرنے کے بارے میں ڈاکٹر سے بات کریں۔ ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ سالانہ طبی معائنے کے ساتھ سماعت کا ٹیسٹ کروانے کے بارے میں بھی پوچھنا چاہیے۔
ڈاکٹر کے مشورے سے طے کردہ حد کے اندر خون میں شکر کی مقدار برقرار رکھنا شوگر پر قابو پانے اور طویل مدت تک صحت مند رہنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ اسی طرح کانوں کو ضرورت سے زیادہ شور سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔
طویل وقت تک بلند آوازوں کے سامنے رہنے سے گریز کریں اور شور والی جگہوں پر کانوں کی حفاظت کے لیے مناسب آلات استعمال کریں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سماعت کی کمزوری سے روزمرہ گفتگو متاثر ہو رہی ہو تو اِس مسئلے کو بڑھنے سے قبل ہی اِس پر توجہ دی جانی چاہیے۔
اچانک سماعت ختم ہونا طبی ایمرجنسی ہے
ایک ایسی صورتِ حال بھی ہے جس میں اگلے طبی معائنے تک انتظار کرنا مناسب نہیں۔ آپ کو اگر اچانک محسوس ہو کہ ایک کان سے آنے والی آوازیں مدھم پڑ گئی ہیں یا فون پر بات کرتے ہوئے اِس کان سے ٹھیک طرح سنائی نہیں دے رہا تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔ اِس کے ساتھ کان میں گھنٹیاں بجنے جیسی آواز یا چکر آنے کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔

طویل وقت تک بلند آوازوں کے درمیان رہنے سے گریز کریں اور شور والی جگہوں پر کانوں کی حفاظت کے لیے مناسب آلات استعمال کریں (فوٹو: ڈی سی سی)

ایسی صورت حال میں یہ سمجھ لینا آسان ہے کہ شاید کان میں میل جمع ہونے کی وجہ سے بندش محسوس ہو رہی ہے اور مسئلہ خود ہی ٹھیک ہو جائے گا۔ لیکن اچانک سماعت متاثر ہونے کی ایسی وجوہات بھی ہو سکتی ہیں جن کے لیے فوری علاج ضروری ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق، سماعت میں بتدریج آنے والی تبدیلیوں کے لیے سماعت کا ٹیسٹ کروانا چاہیے، جب کہ اچانک سماعت کم ہونے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔
شوگر پر قابو پانے کا مطلب صرف خون میں شکر کی مقدار جانچنا اور کھانے پینے میں احتیاط کرنا نہیں۔ اِس کا مطلب جسم میں آنے والی اُن تبدیلیوں پر بھی توجہ دینا ہے جن کا بظاہر شوگر سے کوئی تعلق دکھائی نہیں دیتا۔ اور شوگر کے مریضوں کو اپنے کانوں کی صحت کو بھی اِسی طرح اہمیت دینی چاہیے۔

شیئر: