Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبلبے کے کینسر کا نیا علاج، 90 فیصد مریضوں میں رسولیوں کا پھیلاؤ رکنے کا انکشاف

نتائج کے مطابق تقریباً آٹھ فیصد مریضوں میں سی ٹی سکین پر رسولیاں دکھائی دینا بند ہوگئیں (فائل فوٹو: پکسابے)
لبلبے کے کینسر کے علاج کے لیے ایک نئی دوا کی آزمائش کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، جسے طبی ماہرین نے کئی دہائیوں میں اس مرض کے علاج میں سب سے بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔
دوا ’ڈاراکسونراسب‘ کے استعمال سے آزمائش میں شامل تقریباً 90 فیصد مریضوں میں رسولیوں کی افزائش رک گئی جبکہ 60 فیصد سے زائد مریضوں میں رسولیاں سکڑ گئیں یا ختم ہوگئیں۔
برطانوی اخبار’دی گارڈین‘ کے مطابق جدید دوا کی آزمائش میں ایسے 61 مریض شامل تھے جنہیں لبلبے کے ایڈوانس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور مرض جسم کے دیگر حصوں تک پھیل چکا تھا۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق تقریباً آٹھ فیصد مریضوں میں سی ٹی سکین پر رسولیاں دکھائی دینا بند ہوگئیں، جبکہ ہر 12 میں سے ایک مریض میں کینسر ناقابلِ شناخت ہوگیا۔ آزمائش کے دوران تقریباً 18 ماہ تک مریضوں کی نگرانی کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق علاج شروع ہونے کے ایک سال بعد 76.6 فیصد مریض زندہ تھے، جبکہ صرف کیموتھراپی کروانے والے مریضوں میں ایک سال تک زندہ رہنے کی شرح عموماً 40 سے 45 فیصد ہوتی ہے۔
نیو یارک کے میموریل سلون کیٹرنگ کینسر سینٹر سے وابستہ معدے کے کینسر کے ماہر ڈاکٹر ونگکی پارک نے بارسلونا میں منعقدہ ایک طبی کانفرنس میں تحقیق کے نتائج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ علاج کینسر کے مکمل خاتمے کے سب سے قریب ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جسم کے دیگر حصوں تک پھیلنے والے کینسر کے مریضوں میں اس قدر بڑی تعداد میں رسولیوں کو ختم ہوتے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
ڈاکٹر پارک کے مطابق علاج کے ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ نہ صرف زیادہ مریضوں میں رسولیاں سکڑ رہی ہیں بلکہ مرض کو قابو میں رکھنے کا دورانیہ بھی تقریباً دوگنا ہونے کا امکان ہے، جس سے مستقبل میں مریضوں کی زندگی طویل ہوسکتی ہے۔
ڈاراکسونراسب ایک مخصوص قسم کی دوا ہے جسے کے آر اے ایس (KRAS) انہیبیٹر کہا جاتا ہے۔ یہ دوا لبلبے کے کینسر میں پائی جانے والی مخصوص جینیاتی تبدیلیوں کو نشانہ بنا کر رسولیوں کی افزائش روکنے میں مدد دیتی ہے۔

لبلبے کا کینسر دنیا کے خطرناک ترین کینسرز میں شمار ہوتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

ماہرین کو امید ہے کہ یہ طریقہ علاج مستقبل میں ان دیگر کینسرز کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوسکتا ہے جن میں اسی نوعیت کی جینیاتی تبدیلیاں پائی جاتی ہیں۔
کینسر ریسرچ یوکے کی چیف ایگزیکٹو مشیل مچل نے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ پیش رفت لبلبے کے کینسر کے مریضوں کے لیے کئی دہائیوں میں سب سے بڑی امید ہے۔‘
تاہم طبی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس دوا کو فی الحال کینسر کا مکمل علاج قرار نہیں دیا جاسکتا اور یہ بھی معلوم نہیں کہ اس کے اثرات کتنے عرصے تک برقرار رہیں گے۔ اس دوا کو عام مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کرنے سے پہلے مزید طبی آزمائشوں کی ضرورت ہے۔
لبلبے کا کینسر دنیا کے خطرناک ترین کینسرز میں شمار ہوتا ہے۔ اس مرض کی تشخیص کے بعد تقریباً نصف مریض تین ماہ کے اندر انتقال کر جاتے ہیں، جبکہ کینسر کے دیگر اعضا تک پھیلنے کی صورت میں صرف تین فیصد مریض پانچ سال تک زندہ رہ پاتے ہیں۔

شیئر: