دنیا کا پہلا اے آئی ہیلتھ کیئر نظام جو ڈاکٹر کے بغیر ادویات کا نسخہ جاری کرے گا
دنیا کا پہلا اے آئی ہیلتھ کیئر نظام جو ڈاکٹر کے بغیر ادویات کا نسخہ جاری کرے گا
منگل 6 اکتوبر 2026 15:25
کمپنی کے مطابق تقریباً 10 سے 15 منٹ کے عمل میں اے آئی جلد کا جائزہ لے کر ایکنی کی شدت کا اندازہ لگائے گا۔(فوٹو:نولا ہیلتھ)
امریکی ریاست یوٹاہ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے اب ڈاکٹر کے براہِ راست معائنے کے بغیر چہرے پر نکلنے والے دانوں (ایکنی) کے علاج کی دوا کا نسخہ حاصل کیا جا سکے گا۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق نیو یارک میں قائم ہیلتھ کیئر سٹارٹ اپ ’نولا ہیلتھ‘ نے یوٹاہ میں ’نولا ڈرم‘ کے نام سے ایک پائلٹ پروگرام شروع کیا ہے، جس میں اے آئی صارف کے چہرے کی تصاویر یا سکین کا جائزہ لے کر ایکنی کی شدت کا اندازہ لگائے گا اور مناسب علاج کے لیے نسخہ جاری کر سکے گا۔
صارف پہلے ’نولا ڈرم‘ ایپ میں اپنی شناخت کی تصدیق کرے گا، طبی رضامندی دے گا اور ایک مختصر سوال نامہ مکمل کرے گا۔ اس کے بعد اسے چہرے کی مختلف زاویوں سے تصاویر یا سکین فراہم کرنا ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق قریباً 10 سے 15 منٹ کے عمل میں اے آئی جلد کا جائزہ لے کر ایکنی کی شدت کا اندازہ لگائے گا اور اسے صارف کی فراہم کردہ طبی معلومات کے ساتھ ملا کر علاج کا منصوبہ تیار کرے گا۔
تاہم اے آئی آزادانہ طور پر کسی بھی دوا کا انتخاب نہیں کر سکتا بلکہ اسے ڈاکٹروں کی جانب سے پہلے سے منظور شدہ مخصوص علاج کے طریقوں میں سے انتخاب کرنا ہوتا ہے۔
اس وقت یہ نظام ایکنی کے علاج کے لیے آٹھ مختلف جلد پر لگانے والی ادویات میں سے انتخاب کر سکتا ہے۔
اگر اے آئی کسی مریض کے لیے مناسب علاج کا انتخاب اعتماد کے ساتھ نہ کر سکے تو وہ نسخہ جاری نہیں کرے گا۔(فوٹو:نولا ہیلتھ)
اگر اے آئی کسی مریض کے لیے مناسب علاج کا انتخاب اعتماد کے ساتھ نہ کر سکے تو وہ نسخہ جاری نہیں کرے گا اور مریض کو انسانی ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔
پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں پہلے 100 مریضوں کے لیے اے آئی سے تیار کیے گئے ہر نسخے کو جاری کرنے سے پہلے دو لائسنس یافتہ ڈاکٹر جانچ کر منظور کریں گے۔ اس کے بعد 500 مریضوں تک اے آئی نسخہ براہِ راست جاری کرے گا اور ڈاکٹر اس کا بعد میں جائزہ لیں گے۔
اگلے مرحلے میں ڈاکٹر ہر ماہ کم از کم 10 فیصد نسخوں کا جائزہ لیں گے، جبکہ علاج میں اضافے یا تبدیلی کی ضرورت والے اور مضر اثرات کا سامنا کرنے والے تمام مریضوں کے کیسز بھی ڈاکٹر دیکھیں گے۔
’نولا ڈرم‘ کی ماہانہ فیس 4.99 ڈالر ہے اور یہ فی الحال 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔(فوٹو:نولا ہیلتھ)
یوٹاہ میں اس سے قبل اے آئی کو بعض ادویات کے موجودہ نسخوں کی تجدید کی اجازت دی گئی تھی، تاہم نولا ہیلتھ کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ میں پہلا ادارہ ہے جسے اے آئی کے ذریعے ابتدائی نسخہ جاری کرنے کی اجازت ملی ہے، یعنی ایسا نسخہ جس کے لیے پہلے سے کسی ڈاکٹر کا نسخہ موجود نہ ہو۔
نولا ہیلتھ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ڈاکٹروں کی جگہ لینا نہیں بلکہ معمولی نوعیت کے کیسز اے آئی کے ذریعے نمٹانا ہے تاکہ جلد کے ماہر ڈاکٹر زیادہ پیچیدہ اور سنگین مریضوں پر توجہ دے سکیں۔
’نولا ڈرم‘ کی ماہانہ فیس 4.99 ڈالر ہے اور یہ فی الحال یوٹاہ کے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ایسے افراد کے لیے دستیاب ہے جن کے چہرے پر ہلکے یا درمیانے درجے کے ایکنی ہیں۔