فاسٹ فوڈ اور غیر صحت بخش غذاؤں نے جنریشن ایکس کی صحت کیسے متاثر کی؟
ڈاکٹر ڈیوڈ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ میٹھے مشروبات اور غیر ضروری سنیکس سے پرہیز کریں (فوٹو: پکسابے)
برطانیہ کے ایک 68 سالہ فیملی ڈاکٹر نے خبردار کیا ہے کہ جنریشن ایکس (1970 کے آس پاس پیدا ہونے والے افراد) اپنی درمیانی عمر میں سابقہ نسل یعنی ’بے بی بومرز‘ کے مقابلے میں زیادہ خراب صحت کا سامنا کر رہی ہے، جس کی بڑی وجوہات میں غیر صحت بخش خوراک، فاسٹ فوڈ اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی شامل ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والے مضمون میں ڈاکٹر ڈیوڈ اَن وِن نے اپنے 40 سالہ طبی تجربے کی بنیاد پر بتایا کہ جب انہوں نے 1986 میں اپنے کلینک میں کام شروع کیا تو وہاں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے 56 مریض تھے جبکہ اب تقریباً اسی آبادی میں ایسے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 600 ہو چکی ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی کالج لندن کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 1970 میں پیدا ہونے والے افراد میں سے 32 فیصد کو 50 سال کی عمر کے ابتدائی برسوں میں موٹاپے کا سامنا تھا جبکہ اسی عمر میں بے بی بومرز میں یہ شرح 26 فیصد تھی۔
ڈاکٹر ڈیوڈ کے مطابق 1950 اور 1960 کی دہائیوں میں گھروں میں تیار کردہ کھانے معمول تھے۔ لوگ پیدل خریداری کے لیے جاتے، بچے سکول پیدل پہنچتے اور فارغ وقت میں باہر کھیلتے تھے۔ میٹھا اور دیگر سنیکس بھی محدود مقدار میں کھائے جاتے تھے جبکہ ٹی وی کے سامنے کھانا کھانے کا رواج عام نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں سہولت کے لیے تیار کردہ کھانے، فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات اور ٹیک اوے کھانوں کا استعمال بڑھنے لگا۔ ان کے مطابق الٹرا پروسیسڈ غذاؤں میں چینی، نمک اور چکنائی کا ایسا امتزاج ہوتا ہے جو لوگوں میں انہیں بار بار کھانے کی خواہش پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پیٹ کے گرد چربی جمع ہونا اور انسولین کے خلاف مزاحمت ٹائپ ٹو ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور فیٹی لیور سمیت متعدد بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
ڈاکٹر ڈیوڈ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ میٹھے مشروبات اور غیر ضروری سنیکس سے پرہیز کریں، گھر میں تازہ کھانا تیار کریں، سبزیاں اور پروٹین استعمال کریں اور روزمرہ زندگی میں پیدل چلنے سمیت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنائیں۔
انہوں نے حکومتوں پر بھی زور دیا کہ غیر صحت بخش الٹرا پروسیسڈ غذاؤں پر ٹیکس عائد کیا جائے اور تازہ و قدرتی خوراک عام لوگوں کے لیے سستی بنائی جائے۔
