انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں فائرنگ، دو انڈین پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
جمعرات 12 نومبر 2026 17:00
حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار ضلع کشتواڑ میں مردہ حالت میں پائے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں دو انڈین پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک روز قبل ایک الگ حملے میں مشتبہ باغیوں نے نیم فوجی دستے کے تین اہلکاروں کو زخمی کر دیا تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پے در پے حملوں نے خطے میں سکیورٹی سے متعلق نئے خدشات پیدا کر دیے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب چند روز قبل وزیراعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ خطے میں ایک سال کے دوران نیم فوجی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار ضلع کشتواڑ میں مُردہ حالت میں پائے گئے، جو سرینگر سے قریباً 220 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ دونوں اہلکار ایک روز قبل اسی علاقے سے لاپتا ہوئے تھے۔ مقامی افراد نے جمعرات کی صبح فائرنگ کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی۔
مقامی رکن اسمبلی شگون پریہار نے حملے کا ذمہ دار ’دہشت گردوں‘ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا ’جلد بدلہ لیا جائے گا۔‘
ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاشیں گولیوں کے زخموں کے ساتھ برآمد ہوئی ہیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابھی کسی فریق کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا رہا۔
ایک الگ حملے میں بدھ کو ضلع کولگام میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
انڈیا مسلسل پاکستان پر کشمیر میں انڈین فورسز کے خلاف حملوں کے لیے باغیوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتا رہا ہے، تاہم اسلام آباد ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
