Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی دو بہنیں 52 روزہ نظر بندی کے بعد رہا، علیمہ خان تاحال جیل میں

علیمہ خان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا تاہم انہیں رہا نہیں کیا گیا (فوٹو: روئٹرز)
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ تیسری بہن علیمہ خان کو رہا نہیں کیا گیا۔
رہا ہونے والے دونوں خواتین کو 52 روز قبل حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں رہیں۔
ان کے خاندانی وکیل رانا مدثر نے رہائی کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق دونوں خواتین کو نورین نیازی کی بیٹی ہاجرہ نیازی کے حوالے کیا گیا اور وہ اپنے گھر پہنچ گئی ہیں۔
نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 21 ستمبر 2026 کو لاہور میں تحریک انصاف کے احتجاج کے تناظر میں حراست میں لیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے ان کی نظر بندی کے لیے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کی دفعہ تین کے تحت احکامات جاری کیے تھے۔ اس قانون کے تحت انتظامیہ کسی شخص کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی طور پر حراست میں رکھنے کا حکم دے سکتی ہے۔
ابتدائی طور پر دونوں بہنوں کی نظر بندی 30 روز کے لیے کی گئی تھی تاہم اس مدت کے اختتام پر پنجاب حکومت نے مزید 30 روز کی توسیع کی منظوری دی تھی۔
 دونوں خواتین کی گرفتاری کے وقت پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کی تیاری کر رہی تھی۔ پارٹی نے ان کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے خلاف لاہور  ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا گیا تھا۔
24 ستمبر کو جسٹس عبہر گل خان نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے نظر بندی کے احکامات فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی تاہم پنجاب حکومت سمیت متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔
بعد ازاں 14 اکتوبر کو عدالت نے نظر بندی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے متعلقہ مجاز اتھارٹی کو ہدایت کی تھی کہ ایم پی او کے تحت زیر التوا اپیل پر قانون کے مطابق آزادانہ فیصلہ کیا جائے۔
عدالت نے جیل حکام کو دونوں بہنوں کی ضروری ادویات اور اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت یقینی بنانے کا بھی حکم دیا تھا۔
دو نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے نورین نیازی کی بیٹیوں سے ملاقات کروانے کا حکم دیا تھا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو چار نومبر کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، تاہم پانچ نومبر کو متعلقہ جج کے رخصت پر ہونے کے باعث نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت نہیں ہو سکی تھی۔
گزشتہ دو روز سے مختلف ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا تھا کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی طبی بنیادوں پر رہائی متوقع ہے۔
نورین نیازی کو اس سے قبل اکتوبر کے آخر میں طبیعت خراب ہونے پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بھی منتقل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان تاحال کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔

 

شیئر: