Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جے ڈی وینس کا ایران جنگ کے خاتمے کے لیے براہِ راست سفارت کاری پر غور

ڈونلڈ ٹرمپ تہران کے ساتھ نئے مذاکرات کی قیادت جے ڈی وینس کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔
عرب نیوز نے وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے حوالے سے لکھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی رہنماؤں کو بتایا کہ وہ تہران کے ساتھ نئے مذاکرات کی قیادت جے ڈی وینس کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے نائب صدر کو سفارتی کوششیں آگے بڑھانے کا اختیار دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اور تہران ثالث ممالک اور علاقائی اتحادیوں کے ذریعے آئندہ اقدامات پر رابطے میں ہیں، تاہم کسی باضابطہ ملاقات کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔
وال سٹریٹ جرنل نے بتایا کہ وینس نے اکتوبر میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کو ایک خط بھیجا تھا جس میں ملاقات کی درخواست کی گئی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام وینس کے لیے ایک بڑا سیاسی خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر مذاکرات ناکام رہے تو انہیں سفارتی ناکامی کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے، جبکہ کسی کامیاب معاہدے کی صورت میں ایک غیر مقبول جنگ کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر ان کی سیاسی حیثیت مضبوط ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے جون میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا، جس میں وینس نے کردار ادا کیا تھا۔ ٹرمپ کا مؤقف تھا کہ اس معاہدے نے ایران کو بحالی کا موقع دیا اور امریکی بحری ناکہ بندی سے قبل تیل کی آمدنی جمع کرنے کا وقت فراہم کیا۔
تاہم وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو اس معاہدے پر کوئی خاص اعتراض نہیں تھا اور مذاکرات کار نیک نیتی کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
جے ڈی وینس عوامی سطح پر یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کمزور کارکردگی میں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق انتظامیہ پر تنازع کے حل کے لیے سیاسی دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

 

شیئر: