Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کار پارکنگ دردسر!

واشنگٹن- - - - - امریکا ، جرمنی اور برطانیہ میں گاڑی چلانے والے افراد کو پارکنگ کی تلاش اور جرمانے سے بچنے کے لیے مطلوبہ وقت سے زیادہ کی پارکنگ حاصل کرنے کے سبب سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ اس بات کا انکشاف ٹریفک سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے والی کمپنی انریکس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کیا گیا۔شہروں کی گنجانیت میں تیزی سے اضافے کے سبب پارکنگ کی براہ راست یا بالواسطہ قیمت گاڑی چلانے والوں اور پالیسی بنانے والوں دونوں فریقوں کے لیے دردِ سر بن گئی ہے۔گاڑی چلانے والے وافر اور سستی کار پارکنگ چاہتے ہیں جب کہ بہت سے بڑے شہروں کی حکومتیں ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی لگانے اور رش اور آلودگی کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔اِنریکس کمپنی کے مطابق رپورٹ کی تیاری میں اْس کے ڈیٹا بینک کی معلومات اور برطانیہ ، جرمنی اور امریکا کے 30 شہروں کے 18 ہزار ڈرائیوروں سے کیے جانے والے سروے کا سہارا لیا گیا۔رپورٹ کے نتائج کے مطابق امریکا میں ہر گاڑی چلانے والا اپنی ضرورت سے زیادہ وقت کے لیے پارکنگ کی مد میں سالانہ اوسطا 97 ڈالر اضافی ادا کرتا ہے جب کہ پارکنگ ٹکٹ کی سالانہ اوسط قیمت 12 ڈالر ہے۔امریکا کے بڑے شہروں میں ہر گاڑی چلانے والا پارکنگ کی تلاش کے سبب وقت اور ایندھن کے ضیاع کی مد میں سالانہ اوسطا 345 ڈالر کی ادائیگی کرتا ہے۔

شیئر: