صبیا کمشنری کی روایتی مارکیٹ ’ثقافتی شناخت اور معاشی مرکز‘
جمعرات 12 فروری 2026 0:03
سعودی عرب کی صبیا کمشنری کی روایتی مارکیٹ نہ صرف علاقے کی معاشی ترقی کے حوالے سے اہم ہے بلکہ جازان ریجن کی ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ روایتی مارکیٹ 32 ہزار مربع میٹر رقبے پر قائم کی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں 182 دکانوں میں یومیہ بنیادوں پر تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مارکیٹ کے دوسرے اور تیسرے توسیعی مراحل کا افتتاح آئندہ چند ماہ میں کیا جائے گا، جس کے بعد علاقے کے روایتی بازار کی تجارتی اور تفریحی سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

روایتی مارکیٹ میں اس وقت یومیہ بنیادوں پر 15 ہزار سے زائد وزیٹرز کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی ہے جو اپنی روزمرہ کی ضروریات یہاں سے حاصل کرتے ہیں۔
مارکیٹ کا امتیاز یہ بھی ہے کہ یہاں بعض دکاندار بہت پرانے ہیں جو قدیم روایات کے امین ہیں جو آج بھی اپنے اجداد کی طرز حیات کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

مارکیٹ میں تازہ پھل اور سبزیاں، مچھلی، روایتی ملبوسات، جوتے، مقامی مٹھائیاں، مصالحے، علاقائی پکوان کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کے علاوہ بہت کچھ یہاں فروخت ہوتا ہے۔
