Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور برطانیہ کا 2029 کو ثقافتی سال قرار دینے کا اعلان

شہزادہ ولیم کے دورۂ سعودی عرب کے موقع پر ثقافتی سال کا اعلان کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ ثقافت نے برطانیہ کے محکمۂ ثقافت، میڈیا اور سپورٹس کے تعاون سے 2029 کو ’سعودی برطانوی ثقافتی سال‘ قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان شہزادہ ولیم کے سعودی عرب کے پہلے سرکاری دورہ کے موقع پر کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جن کی جڑیں ایک صدی سے زائد پر محیط سفارتی روابط میں ہیں۔
حالیہ برسوں میں ثقافتی تبادلہ سعودی برطانوی تعلقات کی بنیاد کے طور پر ابھرا ہے، جو کہ تحفظِ ورثہ، ویژوئل اینڈ کلنری آرٹس، فنِ تعمیر اور اعلیٰ تعلیم میں مشترکہ اقدامات کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
سال 2029 کو مشترکہ ثقافتی سال قرار دینے سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی ورثے کے حوالے سے تقریبات، تخلیقی مکالمے اور مختلف پروگرام منعقد ہوں گے جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے تناظر میں بھی 2029 کو مشترکہ ثقافتی سال قرار دینے سے دونوں دوست ملکوں کے درمیان ثقافتی شعبوں میں بھی تعلقات مضبوط ہوں گے۔

 

شیئر: