Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صبح سویرے منہ سے بدبو کیوں آتی ہے؟

ہم صبح اٹھتے ہیں تو اکثر ہمارے منہ سے بدبو آرہی ہوتی ہے لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آخر اس بدبو کی وجہ کیا ہے؟
اگر آپ نے غور کیا ہو تو آپ کو بھی اندازہ ہو گا کہ صبح سویرے منہ سے آنے والی بدبو اس وقت زیادہ ہوتی ہے جب ہم نے رات کو سونے سے پہلے اپنے دانت صاف نہ کیے ہوں۔ البتہ اگر رات کو سونے سے پہلے دانت اچھی طرح صاف کر لیے جائیں تو صبح کے وقت اٹھنے والی یہ بدبو خاصی کم بلکہ بعض مرتبہ نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم جب بھی کوئی چیز کھاتے ہیں تو اس کے ہضم ہونے کا عمل ہمارے منہ سے شروع ہو جاتا ہے۔ ہمارے منہ میں تھوک (لعابِ دہن) پیدا کرنے والے غدود پائے جاتے ہیں جن سے خارج ہونے والے تھوک میں پانی کے علاوہ کئی اقسام کے جراثیم (بیکٹیریا) بھی شامل ہوتے ہیں۔
یہ جراثیم ایسے مادّوں کا اخراج کرتے ہیں جو غذا کو نرم کر دیتے ہیں تاکہ جب وہ معدے میں پہنچے تو اس کے ہضم ہونے میں آسانی ہو جائے۔ اگر کھانے کے بعد منہ میں (دانتوں کے درمیان) غذا کے ذرّات موجود رہ جائیں تو یہ بیکٹیریا ان پر اپنا عمل جاری رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں سلفر پر مشتمل مرکبات بھی بنتے ہیں جن سے ایک خاص طرح کی ناگوار بو پیدا ہوتی ہے۔ اسی لیے اگر رات کا کھانا کھانے کے بعد منہ اچھی طرح سے صاف نہ کیا جائے تو ان ذرّات کی موجودگی کے نتیجے میں منہ کے جراثیم ان غذائی ذرّات کے ساتھ کیمیائی عمل کرتے رہتے ہیں اور جب ہم سو کر اٹھتے ہیں تو منہ سے بدبو آرہی ہوتی ہے۔
اس مسئلے کا نہایت آسان حل یہ ہے کہ رات کو سونے سے پہلے دانت اور منہ اچھی طرح صاف کرلیے جائیں اور اس مقصد کے لیے ٹوتھ پیسٹ/ ٹوتھ برش کے علاوہ ٹوتھ پاؤڈر اور منجن کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ وہ لوگ جن کے دانتوں کے درمیان خلا ہے، انہیں چاہیے کہ کھانے کے بعد کسی باریک دھاگے یا خلال (ٹوتھ پِک) کی مدد سے اس خلا میں جمع ہو جانے والے غذائی ذرّات صاف کرلیں اور برش کرتے وقت بھی ان مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ واضح رہے کہ یہ تجویز ان افراد کے لیے ہے جو صحت مند ہیں اور کسی بیماری میں مبتلا نہیں، اس لیے وہ لوگ جنہیں کسی بیماری کی وجہ سے منہ میں بدبو کی شکایت ہے انہیں چاہیے کہ ڈاکٹر سے رجوع کر کے تجویز کردہ دوا ہی استعمال کریں۔

شیئر: