Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیری اپنی سرزمین میں محصور ہیں، سردار عبد الباسط

ریاض(ذکاء اللہ محسن)جمعیت علمائے اسلام( ف) کے جنرل سیکریٹری اور کشمیر اوورسیرز فورم کے چیئرمین سردار عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پوری دنیامیں لوگ آزاد اور خود مختار زندگی بسر کر رہے ہیں مگر کشمیر کے لوگ اپنی ہی سرزمین پر محصور کیوں ہیں ،ان کو آزادی کی زندگی کیوں نہیں جینے دی جا رہی، ان کو مذہبی اور معاشرتی آزادی کا اتنا ہی حق ہے جتنا دوسری اقوام کو ہے مگر گزشتہ 70سالوں سے جو ظلم و جبر کا بازار کشمیر میں برپاکیا ہوا ہے اور جس طرح کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اس سے ہند کے عزائم کھل کر سامنے آ جاتے ہیں۔ کشمیر کے اندر کوئی ایسا شہر یا کوئی ایسا دیہات نہیں جہاں پر کسی گھر سے شہید کا جنازہ نہ اٹھا ہو ۔5ہزارسے زائد قبرستان اس کی منہ بولتی تصویر ہیں کہ ہند کس طرح بندوق کے زور پر تحریک آزادی کو کچلنا چاہتا ہے۔ آزاد کشمیرمیں جس طرح ترقی و خوشحالی کا سلسلہ جاری ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے کتنی محبت کرتے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ وہ ہمیشہ آزادی کشمیر کے داعی رہے ہیں ۔انہوں نے عالمی سطح پر کشمیری آواز کو امن پسند قوتوں تک پہنچایا ہے۔ ہم نے اپنے سعودی بھائیوں کو باور کروایا ہے کہ کشمیری عوام کس طرح ظلم و ستم کاشکار ہیں۔ اس پر ہماری سعودی بھائیوں نے ہمیشہ ہمارے موقف کی نہ صرف تائید کی ہے بلکہ ہمارا ساتھ بھی دیا ہے۔ او آئی سی نے بھی ہمیشہ کشمیر کی آزادی کی بات کی ہے۔

شیئر: