Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی کی 6یونیورسٹیوں میں گریجویشن فیس معاف

نئی دہلی - - - - ریاست دہلی کی کیجریوال حکومت نے 6یونیورسٹیوں میں گریجویشن کورسز میں داخلہ لینے والے طلبہ کی فیس معاف کر دی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت طلبہ کو ان کی اہلیت اور اقتصادی حالت کی بنیاد پر وظائف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے ایک ڈائریکٹو کے ذریعے تمام 6یونیورسٹیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ بھی کر دیاہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیس معافی کی رقم طلبہ کے بینک اکائونٹ میں براہِ راست منتقل کی جائیگی ۔ اس اسکیم کا نفاذ موجودہ تعلیمی سیشن سے ہو گا ۔ ریاست کے نائب وزیراعلیٰ و وزیر تعلیم منیش سسودیا نے بتایا کہ اس اسکیم کیلئے 100کروڑ روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں جس کا فائدہ 20سے 25ہزار طلبہ کو ملے گا ۔ فیس معافی کے ایک ساتھ بچوں کو سالانہ 5ہزار روپے کتابوں اور دیگر اخراجات کیلئے بھی دئیے جائیں گے ۔ اسکیم کے دائرے میں وہ طلبہ آئیں گے جنہیں کم سے کم 60فیصد مارکس انٹر کلاس میں ملے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ۔ایس ٹی کیٹگری کیلئے یہ شرط 55فیصد مقرر کی گئی ہے ۔ گریجویشن کے پہلے سال میں داخلہ پانے والوں کے 12ویں کلاس کے مارکس دیکھے جائیں گے ۔ بی پی ایل خاندانوں کے بچوں کی صد فیصد فیس معاف کی جائیگی ۔ منیش سسودیا نے کہا کہ جس خاندان کی سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپے ہے اس کے بچوں کی فیس میں 50فیصد رعایت دی جائیگی ۔ ڈھائی لاکھ سے 6لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے خاندان والے بچوں کو 25فیصد چھوٹ ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جن یونیورسٹیوںمیں گریجویشن کورس کیلئے فیس معافی نافذ کی گئی ان میں اندر پرست یونیورسٹی ، دلی ٹیکنالوجکل یونیورسٹی ، اندر پرست انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ، امبیڈ کر یونیورسٹی ،اندرا گاندھی ، دلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی فار ویمن اور دلی فارما سیوٹیکل سائنسز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی شامل ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیتا سبھاش انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو جب ریاستی یونیورسٹی کا درجہ مل جائے گا تو اس میں بھی فیس معافی کی اسکیم نافذ کی جائے گی ۔

شیئر: