Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ: ہند نے آسٹریلیا کوفائنل سے باہر کردیا

    ڈربی:ہرمن پریت کور کی شاندار اننگز کی بدولت ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر ہند نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ڈربی میں بارش سے متاثرہ میچ کو 42 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جہاںہند نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے ہندوستانی بلے باز ہرمن پریت نے عمدہ بیٹنگ سے درست ثابت کر دکھایا۔ہرمن پریت کور نے 115 گیندوں پر 7چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ہند نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز اسکور کئے۔ہرمن پریت کی اننگز ویمنز ورلڈ کپ کے ناک آوٹ مرحلے میں کھیلی گئی کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز ہے۔دیگر کھلاڑیوں میں متھالی راج 36، دیپتی شرما 26 اور ویدا کرشنا مرتھی 16 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 21 رنز پر اس کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔ایلس پیری اور ایلس ویلانی نے چوتھی وکٹ کیلئے 105 رنز بناکر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔اس کے بعد جرمین بلیک وڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکی اور آسٹریلین ٹیم کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں جبکہ پوری ٹیم 41ویں اوور کی پہلی گیند پر 245 رنز بنا کر آوٹ ہو کر نہ صرف میچ سے بلکہ ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے ایلس پیری 38، ایلس ویلانی 75 اور بلیک ویل 56 گیندوں پر 90 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہیں۔ہرمن پریت کور کو سنچری بنانے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اتوار کو لارڈز میں ہونے والے فائنل میں ہند کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے ہوگا ۔
 

شیئر: