ریاض۔۔۔۔انسداد دہشتگردی کے علمبردار ممالک سعودی عرب ،امارات ، بحرین اور مصر نے قطر کے حمایت یافتہ مزید 9اداروں اور9شخصیتوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔مذکورہ چاروں ملکوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ یمن کے البلاغ ، الاحسان، الرحمہ، لیبیا کی بن غازی انقلابیوں کی مجلس شوریٰ ، السرایا مرکز، بشریٰ ایجنسی ، راف اللہ السحاتی دستہ، نبأ چینل ،التناصح، دہشتگرد ادارے ہیں۔ شخصیات میں قطر کے خالد البوعینین، شقر الشہرانی، صالح الغانم، کویت کے حامد العلی، یمن کے عبداللہ الیزیدی ، احمد برعود ، محمد الدباء ، لیبیا کے الساعدی بوخزیم اور احمد الحسناوی دہشتگردوںکی فہرست میں شامل کرلئے گئے۔ مشترکہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ مذکورہ شخصیات اور اداروں کی سرگرمیاں بالواسطہ یا بلاواسطہ قطری حکام سے جڑی ہوئی ہیں۔ قطر اور کویت کی شخصیات ، النصرۃ محاذ اور شام کی دیگر دہشتگرد ملیشیاؤں کیلئے عطیات جمع کررہی ہیں۔یمن کے 3ادارے اور 3شہری القاعدہ تنظیم کی حمایت میں سرگرم ہیں۔