پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تین بڑے منصوبوں کی کسنلٹینسی سروس کے معاہدوں پر دستخط
جمعہ 15 اگست 2025 12:45
خرم شہزاد -اردو نیوز، اسلام آباد
سعودی فنڈ برائے ترقی اور حکومت پاکستان کے مابین تین اہم منصوبوں کی کنسلٹینسی سروسز کے لئے معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں کنگ سلمان بن عبدالعزیز السعود ہسپتال، جگران فور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور شونتر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سعودی عرب کے سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ اور حکومت پاکستان کے مابین طے پانے والے ان معاہدوں سے سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی گہرے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیا ڈاکٹر سعود الشمری نے کہا کہ کنگ سلمان بن عبدالعزیز السعود ہسپتال کے لئے 20 ملین امریکی ڈالر، شونتر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 66 ملین ڈالر اور جگران فور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 35 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی وزارت تجارت کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ان منصوبوں پر تعاون پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان منصوبوں کی تعمیر سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم اور گہرے ہوں گے۔
