Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمدحسین انوکی سومو اور فری اسٹائل ریسلرز کے ساتھ پاکستان جائیں گے

 
ٹوکیو:سابق عالمی ریسلنگ چیمپیئن اورجاپانی رکن پارلیمنٹ محمد حسین انوکی پاک جاپان بزنس کونسل اور حکومت پاکستان کی دعوت پر نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ اس دورے میں انوکی پاکستان اور ہندکے درمیان امن کی اہمیت کے لیے واہگہ بارڈر پر پیس واک بھی کریں گے۔اس دورے میں ان کے ہمراہ 10 ورلڈ فری اسٹائل ریسلنگ کے پہلوانوں کے ساتھ ساتھ5 سومو پہلوان بھی ہوں گے۔سومو ریسلنگ جاپان کا تاریخی کھیل ہے اور جاپان میں بہت مقبول بھی ہے۔ انوکی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے حکومت پاکستان سے بات چیت جاری ہے کیونکہ انوکی کا وفد 25 افراد پر مشتمل ہوگا جس کے لیے سکیورٹی کے انتظامات حکومت پاکستان کو ہی کرنا ہیں۔وہ اسلام آباد میں صدر پاکستان ممنون حسین سمیت اعلیٰ حکومت شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ اسلام آباد میں ریسلنگ کے مقابلے بھی ہوں گے۔لاہور اور کراچی میں بھی ریسلنگ اور سومو کے مقابلے کئے جائیں گے ، اس حوالے سے انوکی نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا ایک مقصد پیس واک کے ذریعے دنیا کو پاکستان اور ہند کے درمیان امن کی اہمیت کو اجا گر کرنا اور ساتھ ساتھ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا ہے۔انوکی چاہتے ہیں کہ پاکستانی پہلوانوں اور جاپانی ریسلرز کے درمیان مقابلوں کا انعقاد کیا جائے جبکہ پاکستان کے تینوں بڑے شہروں میں مقابلوں سے پاکستانی اور جاپانی عوام کے درمیان روابط میں اضافہ بھی ہوگا۔

شیئر: