Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں ماحول دوست سیاحت کی نئی مثالیں قائم کرنے والے ممالک

کوسٹا ریکا ماحول دوست سیاحت کے شعبے میں دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے (فوٹو: وکی میڈیا کامنز)
ماحول دوست اور پائیدار سیاحت عالمی سطح پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں میں ایسے کئی ممالک نمایاں ہو کر سامنے آئے ہیں جو قابلِ تجدید توانائی، جنگلات کے تحفظ اور کمیونٹی بیسڈ ٹورازم کو فروغ دے رہے ہیں۔
ان مقامات پر سیاح نہ صرف فطرت سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔
کوسٹا ریکا: ایکو ٹورازم کا عالمی رہنما
بیک روڈ پلینٹ ویب سائٹ کے مطابق کوسٹا ریکا ماحول دوست سیاحت کے شعبے میں دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ملک میں ہزاروں ایکڑ پر پھیلے بارانی جنگلات، نیشنل پارکس اور محفوظ جنگلی حیات کے علاقے موجود ہیں۔
یہاں آنے والے سیاح کلاؤڈ فاریسٹ، آتش فشاں اور دریاؤں کا مشاہدہ کرتے ہیں جبکہ قابلِ تجدید توانائی سے چلنے والے ایکو لاجز انہیں ماحول دوست رہائش فراہم کرتے ہیں۔
کوسٹا ریکا میں شجرکاری، کچھوؤں کے تحفظ اور جنگلی حیات کی نگرانی جیسے پروگرام سیاحوں کو قدرتی ماحول کی بحالی میں شامل ہونے کے مواقع دیتے ہیں۔
آئس لینڈ: قدرتی حسن اور پائیداری کا امتزاج
آئس لینڈ نے بھی اپنی طرزِ زندگی اور سیاحتی ڈھانچے کو ماحول دوست بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ملک کا زیادہ تر حصہ جیوتھرمل توانائی سے چلتا ہے جبکہ ٹور آپریٹر کم سے کم ماحولیاتی اثرات رکھنے والی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کو ماحول دوست قوانین کے باعث دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے (فوٹو: پیکسلز)

گلیشیئرز، آبشاروں اور آتش فشاں کا مشاہدہ کرنے والے سیاحوں کو مقامی ماہرین ماحولیاتی نظام اور ذمہ دار سیاحت کے اصولوں سے آگاہ کرتے ہیں۔ آئس لینڈ اس بات کی مثال بن چکا ہے کہ سیاحت پر انحصار رکھنے والی معیشت بھی ماحول کے تحفظ کو اولین ترجیح دے سکتی ہے۔
نیوزی لینڈ: پالیسی اور عمل دونوں میں پائیداری
نیوزی لینڈ ماحول دوست قوانین، نیشنل پارکس کے انتظام اور سمندری حیات کے تحفظ میں نمایاں کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ ملک میں موجود ہائیکنگ ٹریلز، ایکو لاجز اور کمیونٹی بیسڈ تجربات سیاحوں کو فطرت کے قریب لانے کے ساتھ مقامی ماؤری روایات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پرتگال: یورپ میں ابھرتی ہوئی ماحول دوست منزل
پرتگال نے حالیہ برسوں میں ماحول دوست سیاحت میں نمایاں ترقی دکھائی ہے۔ محفوظ قدرتی علاقوں، گرین ہوٹلز، اور سررف سکولز کی بدولت یہ ملک ماحول کے بارے میں حساس سیاحوں کے لیے ترجیحی انتخاب بنتا جا رہا ہے۔

سلووینیا میں ماحول دوست شہروں، قدرتی مناظر اور گرین ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے (فوٹو: پیکسلز)

سائیکلنگ ٹریکس، ہائیکنگ ٹریلز اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے پرتگال کی ترقی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔ مقامی کمیونٹیز کو معاشی فوائد پہنچانے کے ساتھ ان کی ثقافتی وراثت کو محفوظ رکھنا بھی اس پالیسی کا اہم مقصد ہے۔
سلووینیا: یورپ میں سبز سیاحت کی قیادت
سلووینیا بھی یورپ کے ماحول دوست ممالک میں شامل ہے، جہاں ماحول دوست شہروں، قدرتی مناظر اور گرین ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ٹریگلاف نیشنل پارک اور دیگر قدرتی مقامات سیاحوں کو فطرت کا ذمہ دارانہ تجربہ فراہم کرتے ہیں۔

 

شیئر: