Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

40کانگریسی ارکان اسمبلی کی بنگلورمنتقلی

نئی دہلی- - - - گجرات میں گزشتہ 2دن میں 6 اراکین اسمبلی کے استعفیٰ کے بعد سے کانگریس میں افراتفری کا ماحول ہے۔ 8 اگست کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں اسکے امیدوار اور سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کی شکست کے خدشہ کو دور کرنے کیلئے رہے سہے 51 میں سے اب تک تقریباً 40 ممبران اسمبلی کو کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور پہنچا دیا گیاہے۔ اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد کے عہدہ سے دستبردار ہونے کے باوجود ممبر اسمبلی برقرار رہنے والے کانگریس کے لیڈر شنکرسنگھ واگھیلا کے خیمے کے7 اراکین اسمبلی 11 دیگر کانگریس ممبران اسمبلی ابھی تک گجرات میں ہی ہیں۔ واگھیلا خیمے کے ممبر اسمبلی اور پارٹی کے سینیئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے بتایا کہ تقریباً 40 ایم ایل اے بنگلور جا چکے ہیں۔ وہ اور پارٹی کے نئے چیف وہپ شیلیش پرمار راجیہ سبھا انتخابات کی نامزدگی کی جانچ کے سلسلے میں گجرات میں ہی ہیں۔2 دیگر ممبران اسمبلی چندریکابین باریا اور جیتو چودھری ذاتی وجوہ کی بنا پر جمعہ کو بنگلور نہیں جا سکے تھے وہ بھی جلد ہی وہاں کیلئے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے پاس پٹیل کی فتح کیلئے اراکین کی مطلوبہ تعداد ہے۔واضح رہے کہ پہلے ہی کانگریس چھوڑنے کا اعلان کر چکے واگھیلا حامی ممبر ان سمبلی راگھوجی پٹیل، واگھیلا کے ممبر اسمبلی بیٹے مہندرسنگھ واگھیلا اور گودھرا کے ممبر اسمبلی سی کے راؤلجی سمیت تقریباً7 ممبر اسمبلی اب بھی گجرات میں ہی ہیں۔ پارٹی نے غیر واگھیلا خیمے کے کئی ممبران اسمبلی کا راجکوٹ اور آنند کے 2 فارم ہاؤس میں اور احمد آباد کے تاج ہوٹل میں قیام کرایا۔ جمعہ کی شب انہیں مختلف پروازوں سے احمد آباد اور راجکوٹ سے بنگلور بھیجا گیا جہاں انہیں فی الحال سخت سیکیورٹی کے درمیان دی گولف ولیج آف اگلٹن نام کی تفریح گاہ میں رکھا گیا ہے۔ گجرات کی 3راجیہ سبھا سیٹوں پر انتخابات میں پانچویں بار راجیہ سبھا میں جانے کیلئے قسمت آزما رہے ہیں۔ پٹیل کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔ بی جے پی نے امیت شاہ اور اسمرتی ایرانی کے علاوہ کانگریس چھوڑ کرگزشتہ روز ہی بی جے پی میں شامل ہوئے سابق چیف وہپ اور واگھیلا کے قریبی رشتہ دار بلونت سنگھ راجپوت کو اپنا تیسرا امیدوار بنا دیا ہے۔ کُل 182 ارکان والی گجرات اسمبلی میں بی جے پی کے پاس ایک باغی سمیت 122 رکن اسمبلی ہیں۔ 6 ممبراسمبلی کے استعفیٰ کے بعد کانگریس کے 51، این سی پی کے 2 اور جے ڈی یو کا ایک رکن اسمبلی ہے۔ اعداو شمار کے مطابق بی جے پی کے امیدواروں امیت شاہ اور سمرتی ایرانی کی جیت طے ہے۔ پٹیل کو فتح حاصل کرنے کیلئے 45 ممبراسمبلی کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔ جے ڈی یو اور این سی پی نے ان کی حمایت کا اعلان کیاہے۔ کانگریس کے 4ممبران اسمبلی نے جمعہ کو میڈیا کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی نے انہیں حمایت بدلنے کیلئے 5 تا10 کروڑ روپے اور اس سال کے اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ دینے کی پیش کش کی تھی۔ پارٹی نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر: