Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی ایکسچینج کے ملازم 65لاکھ درہم لیکر فرار ہوگئے، دبئی پولیس

 دبئی.... دبئی پولیس نے اطلاع دی ہے کہ منی ایکسچینج کے 2ملازم 65لاکھ درہم وصول کرکے فرار ہوگئے۔ ترسیل زر کے لئے منی ایکسچینج سے رجوع کرنے والوں نے اس کی اطلاع ملنے پر ہنگامہ شروع کردیا۔ وہ کئی دن تک اپنے اہل خانہ سے رقم کی وصولی کی اطلاع کا انتظار کرتے رہے۔ آخر میں انہوں نے منی ایکسچینج سے رجوع کیا تو اہلکار الٹے سیدھے عذر بیان کرکے رقم بھیجنے والوں کو واپس کرتے رہے۔ آخر میں واضح ہو ا کہ 2مینجر رقم لیکر فرار ہوگئے ہیں۔امارات کے البیان اخبار نے پولیس عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ 2دن سے غیر ملکی کارکن منی ایکسچینج کے سامنے جمع ہورہے ہیں۔ اب تک نایف پولیس اسٹیشن میں 10رپورٹیں درج ہوچکی ہیں۔ اطلاع یہ ہے کہ دونوں عہدیدار متحدہ عرب امارات سے باہر چلے گئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ منی ایکسچینج بند ہے ۔ دسیوں لوگ اس کے سامنے کھڑے شور و ہنگامہ کررہے ہیں۔ پولیس یہ منظر دیکھ کر انہیں نایف اسٹیشن لے گئی۔ پوچھ گچھ کی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ منی ایکسچینج پورے علاقے میں اچھی شہرت کا مالک تھا۔ پہلی مرتبہ ہمارے ساتھ اس طرح کا دھوکا ہوا ہے۔ دبئی پولیس کا کہناہے کہ متاثرین کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور شکایات درج کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس نے اطمینان دلایا ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریگی۔فرار ہونے والے افراد کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے۔

شیئر: