Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تربیتی کیمپ :پاک،سری لنکا سیریز کیلئے تینوں فارمیٹس کے لئے اسکواڈزکی تیاریاں

     لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ہیڈکوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے سری لنکا کے خلاف تینوں فارمیٹس کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے انہیںلاہور میں تربیتی کیمپ میں مدعو کیا جائے گا جس کے بعد15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کیا جائے گا۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کو کسی فارمیٹ کے لئے پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے کامیاب کھلاڑی فواد عالم کو بھی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ فی الحال موقع نہیں دے رہی تاہم اچھی کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز اوپنر صاحبزادہ فرحان، آل راﺅنڈر عامر یامین اور اوپنر امام الحق کو موقع دیا جائے گا۔بلال آصف ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ون ڈے سیریز میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ان کی جگہ حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین سے پر کی جائے گی۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں ساتھی سلیکٹرز توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی کے ساتھ مل کر ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشیدکے مشورے سے ممکنہ ٹیموں کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔20 اگست سے لاہور میں کیمپ لگاکر ان کھلاڑیوں کو چیک کیا جائے گا جس کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں 3ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، 5 ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ ڈسپلن کی خلاف روزی میں ملوث اور فٹنس مسائل سے دوچار عمر اکمل کو فی الحال مزید سبق سکھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں کسی بھی فارمیٹ میں موقع نہیں دیا جا ئے گا۔ یاد رہے کہ عمر اکمل کو فٹنس برقرار نہ رکھنے کے باعث چیمپیئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا اور بعد ازاں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں بھی ناکام رہے تھے۔۔ فاسٹ بولنگ میں سہیل خان، وہاب ریاض، محمد عامر، حسن علی اور محمد عباس کے ساتھ راحت علی ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔راحت علی اپنی فٹنس بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ حیران کن طور پر آف اسپنر بلال آصف کو ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ میں آزمائے جانے کی تجویز ہے۔ اپنی بیٹنگ فارم کے حصول میں کوشاں احمد شہزاد اور محمد حفیظ کو ون ڈے ٹیم میں رکھا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں اوپنر شان مسعود ٹیم کا حصہ ہیں۔ذرائع کے مطابق سلیکٹر ابتداءمیں ہر فارمیٹ کے لئے 20،20کھلاڑی منتخب کریں گے اوران میں سے 15 رکنی ٹیم متحدہ عرب امارات جائے گی۔ پاکستانی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد اسد شفیق اور اظہر علی مڈل آرڈر بیٹنگ کا بوجھ اٹھائیں گے۔احمد شہزاد اور محمد حفیظ کو ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے البتہ حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین کو موقع دیا جائے گاجبکہ صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں موقع ملنے کی توقع ہے۔
 

شیئر: