Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولمبو ٹیسٹ:ہند کے پھر 600رنز، سری لنکا کی 50رنز پر2وکٹیں گر گئیں

کولمبو:ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھی ہندوستانی ٹیم ، میزبان سری لنکا کو رنز کے پہاڑ تلے دبانے میں کامیاب ہوگئی۔ ٹاپ آ رڈرکے بعد مہمان ٹیم کا لوئر آرڈر بھی سری لنکن بولرز کواشاروں پر نچاتا رہا۔ ہندوستانی کپتان نے 622رنز 9کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ رنگانا ہیرتھ کے حصے میں4وکٹیں آئیں ۔ دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہو نے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 50رنز بنا سکی تاہم اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے ابھی572رنز کی بڑے اسکور کی ضرورت ہے جبکہ پہلے ٹیسٹ کی طرح فالو آن کا خطرہ بھی سر پر منڈلا رہا ہے۔ کھیل ختم ہوا تو کوشل مینڈس 16اور کپتان دنیش چندی مل 8رنز پر کھیل رہے تھے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ ایک رنز پر گر ی ۔ میچ کے دوسرے روز ہند نے پہلے دن کے اسکور344رنز 3کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔چوتھی وکٹ کی شراکت میں 211رنزبنانے والے اجنکیا رہانے 103اور چتیشواڑ پجارا128رنز کے ساتھ بیٹنگ کے لئے آئے۔ دونوں شراکت میں 6رنز کا اضافہ کرسکے اور پجارا 133 پر کرونا رتنے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ہند کی جانب سے مڈل اور لوئر آرڈر میں نصف سنچریوں پر مبنی 2 شراکتیں قائم ہوئیں۔رہانے اور اشون کے درمیان63جبکہ جڈیجہ اور ساہا نے72رنز کی شراکت سے سری لنکا کو مزید پریشانی کا سامنا رہا۔رہانے132 رنز بنا کر لوٹے ۔ ان کی وکٹ پشپا کمارا نے حاصل کی ۔ایشون نے مجموعی اسکور میں 54جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین ورھمان ساہا نے67رنز کا اضافہ کیا۔ہردک پانڈیا20،محمد شامی نے19 رنز بنائے۔ رویندر جڈیجہ70اور امیش 8 پر ناٹ آوٹ تھے اور ٹیم کا اسکور 622رنز تک تھا کہ کپتان ویراٹ کوہلی نے اننگزڈیکلیئر کردی ۔ سری لنکا کے اسپنر رنگانا ہیرتھ نے154رنز دے کر 4،ملندا پشپا کمارا نے156رنز دے کر2وکٹیں لیں ۔ ایک، ایک کھلاڑی کو دیموتھ کرونا رتنے اور دلرووان پریرا نے پویلین بھیجا۔سری لنکا کی طرف سے اپل تھارنگا اور دیموتھ کرونا رتنے نے اننگزکا آغاز کیا۔ ہندوستانی اسپنر روی چندرن ایشون نے صرف ایک کے اسکور پر سری لنکا کو پہلے نقصان سے دوچار کردیا جب اپل تھرنگا بغیر کوئی رن بنائے واپس چلے گئے۔ کرونا رتنے اور کوشل مینڈس نے مجموعی اسکور کو 33رنز تک پہنچایا تو ایشون نے دوسرا وار کیا اور کرونا رتنے کو بھی 25کے اسکور پر واپس پویلین بھیج دیا۔ان کے بعد کپتان دنیش چندی مل کھیلنے کے لئے آئے اور مینڈس کے ساتھ مل کربقیہ 6.2اوورز تک ہندوستانی بولرز کا اچھا سامنا کیا اور اسکور50رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔کوہلی نے میچ کے آخری لمحات میں 4بولرز کو آزمایاتاہم دونوں وکٹیںایشون کے حصے میں آئیں جس کے لئے انہوں نے38رنز دیئے۔ سری لنکا کو پہلے فالو آن سے بچنے کا چیلنج کا سامنا ہوگا جبکہ اس کے بعد اس نے ہند کا اسکور برابر کرنا ہے اور یہ دونوں پہلے ٹیسٹ کی طرح مشکل نظر آتے ہیں۔
 

شیئر: