Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں نماز فجر کے دوران مسجد پر بم حملہ

سینٹ پال۔۔۔ امریکی ریاست مینیسوٹا میں مسجد پر بم حملہ ہوا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عمارت کو نقصان پہنچا۔ایف بی آئی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ایف بی آئی کے افسر رچرڈ تھورٹن نے بتایا کہ تحقیقات میں معلوم کیا جائے گا کہ یہ واقعہ نفرت پر مبنی جرم ہے یا اس کا محرک کوئی اور ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ مسجد کو آئی ای ڈی (دھماکہ خیز ڈیوائس) سے نشانہ بنایا گیا جس کے پرزے جائے وقوعہ سے ملے ہیں جن کا جائزہ لے کر ملزمان تک پہنچا جائے گا۔مسلم امریکن سوسائٹی نے بتایا کہ دھماکے کے بعد مسجد میں آگ لگ گئی لیکن نمازیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل ہی آگ پر قابو پالیا۔عینی شاہد اسد زمان نے صحافیوں کو بتایا کہ نامعلوم کار سوار چلتی گاڑی سے مسجد پربم پھینک کر فرار ہوگئے۔ مسجد کے منتظمین نے بتایا کہ امریکہ میں دیگر مساجد کی طرح مسجد الفاروق کو بھی دھمکی آمیز فون اور ای میلز موصول ہوئی تھیں۔

شیئر: