Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ کا ایکتا کپور سٹائل ورژن وائرل، کرداروں کے نئے روپ نے مداحوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا

پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ ان دنوں ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ بحث کا موضوع بنا ہوا ہے تاہم اس مرتبہ ڈرامے پر تبصرے اس کی کہانی کے بجائے ایک مزاحیہ انداز کے باعث کیے جا رہے ہیں۔
ایک کانٹینٹ کریئیٹر نے اے آئی کی مدد سے مقبول پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کا ایک فرضی ورژن تیار کیا ہے، جس میں ڈرامے کے کرداروں کو معروف انڈین پروڈیوسر ایکتا کپور کے ڈراموں کے مخصوص انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں تصور کیا گیا ہے کہ اگر پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ ایکتا کپور بناتیں تو اس کے کردار، کہانی، ملبوسات اور ڈرامائی مناظر کس قدر مختلف دکھائی دیتے۔
اس منفرد پیشکش میں پاکستانی ڈرامے اور انڈین ٹی وی سیریلز کے مخصوص انداز کو اس طرح یکجا کیا گیا ہے کہ مداح اسے بے حد پسند کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو کانٹینٹ کریئیٹر فیصل رفیق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس میں انہوں نے ’درِ نجات‘ کے کرداروں کو انڈین ٹی وی سیریلز کے روایتی رنگ میں ڈھال کر پیش کیا۔ کرداروں کے نئے حلیے، بھاری ملبوسات اور مخصوص ڈرامائی تاثرات نے دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا، جس کے باعث ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اس فرضی ورژن میں خوش بخت کو ایک روایتی انڈین ساس کے روپ میں دکھایا گیا، جبکہ زامل کو ایک پراسرار اور ڈرامائی کردار کے طور پر پیش کیا گیا۔ دوسری جانب ابوبکر اور زریاب کے لباس اور انداز میں بھی تبدیلی کی گئی، جس نے انہیں پاکستانی ڈرامے کے کرداروں کے بجائے ایکتا کپور کے کسی مشہور ڈرامے کا حصہ بنا دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایکتا کپور کے ڈراموں میں کہانی کو غیر متوقع موڑ دینے، رشتوں کے پیچیدہ انکشافات اور کرداروں کے درمیان حیران کن تعلقات سامنے لانے کا انداز اکثر مزاح کا موضوع بنتا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’درِ نجات‘ کے اس اے آئی ورژن کو دیکھ کر صارفین نے بھی اپنے تبصروں میں ایسے ہی دلچسپ امکانات کا ذکر شروع کردیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ ڈرامہ ایکتا کپور بناتیں تو ممکن ہے کہ زامل اور ابوبکر بھی آخر میں بھائی نکل آئیں۔‘ اس تبصرے نے سوشل میڈیا صارفین کو مزید ہنسنے کا موقع دیا۔
ایک اور صارف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ انڈین ڈرامہ ہوتا تو یقیناً اس میں اس سے بھی بڑھ کر ڈرامائی مناظر دکھائے جاتے، تاہم یہ پاکستانی ڈرامہ ہے جہاں چیزوں کو حد میں رکھا جاتا ہے۔‘ جبکہ ایک مداح نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’شکر ہے کہ ایکتا کپور انڈیا کو ملیں۔‘
واضح رہے کہ ایکتا کپور انڈین ٹیلی وژن کی معروف پروڈیوسرز میں شمار ہوتی ہیں اور ان کے ڈرامے اپنے طویل دورانیے، خاندانی تنازعات، محبت کی کہانیوں اور حیران کن کہانی موڑ کے باعث خاص پہچان رکھتے ہیں۔ یہی مخصوص انداز ان کے نام کو سوشل میڈیا پر مزاحیہ میمز اور تخلیقی ویڈیوز کے لیے بھی موزوں بناتا ہے۔
’درِ نجات‘ کے ایکتا کپور سٹائل ورژن کی مقبولیت بھی اسی دلچسپ انداز کا نتیجہ ہے، جہاں پاکستانی ڈرامے کے سنجیدہ کرداروں کو انڈین ٹی وی ڈراموں کے روایتی انداز میں پیش کرکے ایک منفرد مزاحیہ تجربہ تخلیق کیا گیا ہے۔

شیئر: