Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذیابطیس کی ابتدائی سکریننگ میں ریکارڈ، جازان ہیلتھ کلسٹر کے لیے گنیز سرٹیفکیٹ

چوبیس گھنٹے کے اندر 76 ہزار سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کے گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے ذیابطیس کی ابتدائی سکریننگ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر جازان ہیلتھ کلسٹر کو ملنے والا گنیز ورلڈ ریکارڈ سرٹیفکیٹ وصول کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ہیلتھ ہولڈنگ کے سی ای او ناصر بن محمد الحقبانی اور صحت کے شعبے دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
گورنر جازان نے اس کامیابی اور فیلڈ کاوشوں کو سراہا اور صحت کے اقدامات کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
جازان ہیلتھ کلسٹر نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع  پر شروع کی جانے والی مہم کے ایک حصے کے طور پر چوبیس گھنٹے کے اندر 76 ہزار سے زائد افراد کی سکریننگ کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا۔
اس مہم میں ذیابیطس اور اس سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی سرگرمیاں شامل تھیں۔
اس کا مقصد جازان کے علاقے میں آبادی کے صحت کے انڈیکس کو بہتر بنانا، ذیابطیس کا جلد پتہ لگانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی اور صحت مند طرز زندگی کو اپنانے کی ترغیب دینا شامل ہے۔
یاد رہے سعودی معاشرے میں ذیابیطس سے متعلق آگاہی، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے صحت مندانہ طرزِ زندگی کی اہمیت میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔
مملکت بھر میں ہیلتھ کیئر سینٹر اور کمیونٹی آرگنائزیشنز عوام کو ذیابیطس کے خطرے سے آگاہ کرنے، صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور مریضوں کو اس بیماری سے نمٹنے اور پیچیدگیوں سے بچنے میں مدد کے لیے کام کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بین الاقوامی ذیابطیس فیڈریشن کے ایک مطالعے میں بتایا گیا کہ مملکت میں تقریبا 2.3 بالغ افراد غیر تشخیص شدہ ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
 مملکت میں 23.1 فیصد افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔ سعودی عرب دنیا بھر میں سب سے زیادہ شرح والے دس ملکوں میں شامل ہے۔

 

شیئر: