فالکنری فیسٹیول: ملواح ریس کے لیے فالکن کی تربیت کیسے کی جاتی ہے؟
تربیت میں فالکن کی جسمانی اور نفسیاتی تیاری کو بڑھایا جاتا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول 2026 میں ملواح ریس کے لیے فالکن کی تربیت انتہائی اہمیت کی ہوتی ہے۔ تربیتی مراحل کے ذریعے فالکن کی جسمانی اور نفسیاتی تیاری کو بڑھایا جاتا ہے جو کم وقت میں 400 میٹر کا فاصلہ طے کرنے میں اس کی صلاحیت کو مضبوط بناتی ہے۔
ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئےفالکن ٹرینر عادل العتیبی نے بتایا ’ریس کی تیاری کے لیے ہر فالکن کی صلاحیتوں اور ان کی جسمانی ساخت کا جائزہ لینے کے بعد تربیتی مراحل کا انتخاب کیا جاتا ہے۔‘
تربیت کے لیے روایتی طریقہ ’دعو‘ کے علاوہ جدید وسائل بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ تربیت کے دوران فالکن کے وزن کو متوازن رکھنے، جسمانی فٹنس اور ان کی ذہنی آمادگی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
عادل العتیبی کا کہنا تھا ’فالکن کی طبیعت اور صلاحیتیں ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں۔ بعض جلد مشتعل ہوجاتے ہیں جبکہ کچھ پرسکون رہتے اور جلد مشتعل نہیں ہوتے۔ تربیت دینے والے کے لیے یہ ضروری ہوتا ہے کہ ہر فالکن کے رویے کو دیکھ کر تربیتی مراحل اور طریقہ کار کا انتخاب کیا جائے۔‘
ہر مقابلے سے قبل فالکن کی خوراک، پانی اور وٹامنز کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ اسے پانی کی کمی سے بھی بچانا انتہائی اہم ہوتا ہے تاکہ وہ ریس میں مثالی کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہو سکیں۔

العتیبی کے مطابق ریس کی سٹارٹ لائن پر فالکن کو آڑان بھرنے کے لیے آمادہ کرنے کے مرحلے میں بھی تربیت کار کی مہارت اہم ہوتی ہے۔ اس میں آنکھوں پر لگایا گیا چمڑے کا بند اتارنے کے بعد انہیں پرواز میں روانی کی تربیت دی جاتی ہے۔
فالکن کی طبیعت کے مطابق انہیں پرواز کے لیے چھوڑنے کی مناسب پوزیشن کا انتخاب بھی اہم ہوتا ہے کیونکہ بعض اونچائی سے اڑان بھرنا پسند کرتے ہیں جبکہ کچھ زمین کے قریب رہنے پر ترجیح دیتے ہیں۔
ریس کی سٹارٹ لائن پر معمولی سی بھی غلطی سے قیمتی سیکنڈز کے ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لیے تربیت دینے والے کا تجربہ اور درست فیصلہ بہترین آغاز اور کامیابی کے لیے اہم ہوتا ہے۔

خیال رہے کنگ عبدالعزیز فالکنری فیٹسیول کا انعقاد نیشنل فالکنز سینٹرکی جانب سے ریاض کے علاقے ’ملہم‘ میں کیا گیا ہے جو 30 نومبر تک جاری رہے گا۔
فیسٹیول میں مقامی اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 140 فالکنز کو لایا گیا ہے جہاں ’ملواح اور مزاین‘ مقابلے ہوں گے۔ مقابلے میں نقد انعامات کے علاوہ کنگ عبدالعزیز کپ، شاہی تلوار اور خصوصی اعزاز’شلوا المک‘ شامل ہے۔
