Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کی پہلی ٹیلی فلم’ ’سنگت“ ریلیز کیلئے تیار

پانچ دوستوں پر مبنی کہانی میں ایکشن، ڈرامہ اور موسیقی کو پیش کیا جائے گا
بلوچستان کی پہلی ٹیلی فلم ”سنگت“ بہت جلد بلوچی عوام کو محظوظ کرنے کے لئے سینما گھروں میں ریلیز کردی جائے گی۔اس فلم کی کہانی 5 دوستوں پر مبنی ہے جس میں ایکشن، ڈرامہ اور موسیقی کو پیش کیا جائے گا۔فلم کی کاسٹ کا تعلق بلوچستان سے ہے جبکہ اس کی شوٹنگ عمان میں کی گئی ہے۔فلم کے پروڈیوسر وحید البلوشی نے بتایا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری دوبارہ بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے تاہم بلوچستان میں فلم سازوں کی کمی کے باعث اب بھی مقامی فلمیں نہیں بن پا رہیں۔ بلوچستان میں موجود سینما گھروں کو شاپنگ مالز میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں کوئٹہ کے چار سینما گھروں کو بند کردیا گیا جس کے بعد اب وہاں صرف تین سینما گھر باقی ہیں۔
ہدایت کار سمیع سارنگ اس فلم کے ذریعے بلوچستان کا ایک مختلف چہرا دکھانے کے لئے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کی مقامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بنیاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ اس صوبے میں ایک مضبوط فلم انڈسٹری قائم ہو تاکہ نوجوان بلوچی اپنی کارکردگی دنیا کو دکھا سکیں۔اس فلم کی تکمیل پر 30 لاکھ روپے کے اخراجات آئے جسے پاکستان اور خلیجی ریاستوں میں آنے والے ہفتوں میں ریلیز کیا جائے گا۔فلم کا پہلا ٹریلر رواں سال مارچ میں شیئر کیا گیا تھا۔ پروڈکشن ٹیم کو امید ہے کہ فلم دیکھنے کے بعد بلوچستان کے عوام اس کاوش کو خوب سراہیں گے۔
 
 
 
 
 

شیئر: