Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویزہ کارڈ سے 350ریال سے زیادہ کی شاپنگ ممنوع؟

ریاض ....سعودی بینکوں نے واضح کیاہے کہ ہماری جانب سے ویزہ کارڈ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے شاپنگ کی کوئی انتہائی حد مقرر نہیں کی گئی۔ بعض تجارتی مراکز کا یہ دعویٰ کہ کریڈٹ کارڈ یا ویزہ کارڈ کے ذریعے 350ریال سے زیادہ مالیت کا سامان نہیں خریدا جاسکتا سراسر غلط ہے تاہم بینک تجارتی مراکز کو اس بات پر مجبور نہیںکرسکتے کہ وہ مذکورہ رقم سے زیادہ کا سامان کریڈٹ یا ویزہ کارڈ سے خریدنے والوں سے تعاون کریں۔ سعودی بینکوں میں میڈیا کمیٹی کے سیکریٹری جنرل طلعت حافظ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ تجارتی مراکز سے مربوط ویزہ اور کریڈٹ کارڈ کا بینکوں سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی بینک انہیں کم یا زیادہ مالیت کا سامان بیچنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ تجارتی مراکز کا مذکورہ رقم سے زیادہ کا سامان فروخت کرنے سے انکار خود انکے حق میں نہیں۔ ویزہ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے لامحدود شاپنگ کا رواج پوری دنیا میں قابل قبول ہے لہذا اگر تجارتی مراکز 350ریال سے زیادہ کا سامان خریدنے والے کو کرنسی دینے پر مجبور کریں گے تو وہ دنیا بھر میں رائج رواج کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونگے۔

شیئر: