’وقفوں اور تبدیلیوں کے درمیان‘: درعیہ کنٹیمپرری آرٹ بینالے 2026 شروع
درعیہ کنٹیمپرری آرٹ بینالے کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز جمعرات سے ہو گیا ہے جس کا اہتمام درعیہ بینالے فاؤنڈیشن نے کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس کا موضوع ’وقفوں اور تبدیلیوں‘ کے درمیان رکھا گیا ہے۔ یہ نمائش 2 مئی تک درعیہ کے جاکس ڈسٹرکٹ میں جاری رہے گی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رواں برس کے بینالے کی نگرانی آرٹسٹک ڈائریکٹرز نورہ رازیان اور صبیح احمد کر رہے ہیں۔
یہ ایڈیشن ان تاریخی تبدیلیوں اور ہجرت سے متاثر ہے جن کے ذریعے جزیرۂ عرب کا دنیا کے دوسرے حصوں سے رابطہ رہا ہے۔ نمائش میں مشترکہ یادداشت، تاریخ، الفاظ، گیتوں، کہانیوں اور دھنوں کے باہمی تعلق کو موضوع بنایا گیا ہے۔
اس بینالے میں 37 سے زائد ممالک کے 68 فنکار شامل ہیں جو 25 سے زیادہ نئے فن پارے پیش کر رہے ہیں۔ یہ فن پارے خاص طور پر فاؤنڈیشن کی جانب سے تیار کروائے گئے ہیں۔
نمائش کی ترتیب اور ڈیزائن اطالوی ڈیزائن سٹوڈیو فارمافینٹازما نے تیار کیا ہے، جس میں جاکس ڈسٹرکٹ کی صنعتی عمارتوں کو رنگ اور شکل کے ذریعے نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

رواں برس موسیقی کو خاص اہمیت دی گئی ہے تاکہ عرب دنیا اور دیگر خطوں میں زبانی اور صوتی میراث کے ذریعے سماجی تاریخ کو سمجھا جا سکے۔
اس کی ایک مثال سعودی فنکار محمد الحمدان کا پرفارمنس آرٹ ’فولڈنگ دی ٹینٹس‘ (2026) ہے، جس میں شاص گاڑیوں کا قافلہ وادی حنیفہ اور جاکس ڈسٹرکٹ سے گزرتا ہے اور آخر میں عبداللہ منیاوی ٹریو کی موسیقی پیش کی جاتی ہے۔

درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی سی ای او آیہ البکری نے کہا کہ 2026 کا یہ ایڈیشن فاؤنڈیشن کے قیام کے بعد پانچواں بینالے ہے، جو دنیا بھر سے مختلف فنون میں فنکاروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔
آرٹسٹک ڈائریکٹرز نورہ رازیان اور صبیح احمد کے مطابق یہ بینالے ناظرین کو ایک ایسا تجربہ فراہم کرتا ہے جو مسلسل حرکت اور تبدیلی سے بھرپور دنیا کو فن کے ذریعے سمجھنے کی دعوت دیتا ہے۔