Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب روشنی کی طرف بڑھ رہا ہے، سعود وزیردفاع سے ملاقات کے بعد امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کا بیان

سینیٹر گراہم نے شام کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا۔ (فوٹو: گراہم ایکس)
امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے کہا ہے کہ سعودی عرب ’روشنی کی طرف گامزن ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق یہ بیان انہوں نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کے بعد جاری کیا، جو اس وقت سرکاری دورے پر واشنگٹن میں موجود ہیں۔
اپنے بیان میں سینیٹر گراہم نے کہا کہ ’گذشتہ دو دنوں میں سعودی عرب کے ساتھ میری بات چیت نے مجھے اس بات پر پُراعتماد کر دیا ہے کہ مملکت تاریکی کے بجائے روشنی کی طرف بڑھ رہی ہے۔‘
سینیٹر گراہم نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد سعودی عرب کے دورے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ برسوں میں انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ ایک مضبوط پیشہ ورانہ تعلق قائم کیا ہے۔ ’میں جانتا ہوں کہ صدر ٹرمپ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بڑے معترف ہیں۔ میں نے وہ تبدیلیاں خود دیکھی ہیں جنہیں ولی عہد نے اپنایا ہے اور میں ان سے متاثر ہوا ہوں۔‘
امریکی سینیٹر نے بتایا کہ سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور اس سے قبل سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے بعد وہ اس بات پر قائل ہو چکے ہیں کہ سعودی عرب خطے کے لیے معاشی ترقی اور خوشحالی کو سب سے بہتر راستہ سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب مستقبل میں ایک پسندیدہ منزل بننا چاہتا ہے، تاکہ دنیا بھر سے لوگ آ کر اُس ملک کو دیکھیں جسے میں ایک شاندار ملک سمجھتا ہوں۔ سعودی عرب مصنوعی ذہانت میں بھی ایک نمایاں قوت بننا چاہتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ دنیا کے بہترین اور ذہین دماغ وہاں آئیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ یہی ولی عہد اور مملکت کا ہدف ہے۔‘
سینیٹر گراہم نے شام کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کھلے عام کہا ہے کہ وہ شامی حکومت اور کرد عوام دونوں کے دوست ہیں۔ تباہی کے بجائے مفاہمت کی راہ اختیار کرنے کا یہ رویہ، اُمید ہے، کامیاب ثابت ہوگا۔
بیان کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان اپنے دورے کے دوران سعودی، امریکی تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف سے بھی ملاقات کی ہے۔

 

شیئر: