Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریئل میڈرڈ نے چوتھی بار سپر کپ جیت لیا،مانچسٹر یونائیٹڈ کو 1-2سے شکست

اسکوپجے ، مقدونیہ:ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نئے سیزن کے آغاز سے قبل آخری بڑے میچ میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو شکست دے کر اپنے اعزز کا کامیاب دفاع کرے ہوئے چوتھی مرتبہ سپر کپ جیت لیا۔ مقدونیہ کے شہر اسکوپجے میں کھیلے گئے فائنل میں ریئل میڈرڈ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ایک کے مقابلے میں2گول سے ہرا کر گزشتہ سال کے اعزازکادفاع کیا۔یورپ میں فٹبال کی دو بڑی اور نامور ٹیموں کا مقابلہ دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے ۔ پہلے ہاف کے دوران کھیل کے 24 ویں منٹ میں ہسپانوی کلب نے گول کرکے برتری حاصل کر لی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔یہ گول ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی کاسیمیرو نے ساتھی کھلاڑی گیرڈینی کارویجل کے پاس پر کیا ۔مانچسٹر کے کھلاڑیوں نے مقابلہ برابر کرنے سخت کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہ ہو سکی اور میچ کا پہلا ہاف ریئل میڈرڈ کی برتری کے ساتھ ختم ہوا۔دوسرا ہاف شروع ہوا تو ریئل میڈرڈ نے مانچسٹر یونائیٹڈ پر دباو بڑھادیا اور ہسپانوی کلب نے ایک اور گول کرکے برتری مستحکم کر دی ۔ دوسرے ہاف کے ساتویں ہی منٹ میں یہ گول ریئل میڈرڈ کے معروف اسٹرائیکر ایسکو نے کیا جس میں انہیں گیرتھ بیل کی مدد حاصل تھی۔مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد بھی ہمت نہ ہاری اور ریئل میڈرڈ کی دفاعی لائن کوتوڑنے کی کوشش کرتے رہے۔ کھیل کے 62 ویں منٹ میں انہیں بالآخر کامیابی ملی اور حال ہی میں انگلش کلب کا حصہ بننے والے رومیلیو لوکاکو نے گول کردیا ۔ اس سے پہلے وہ گول کرنے کا ایک سنہری موقع ضائع کر چکے تھے تاہم انہوں نے جلد ہی اپنی غلطی کا ازالہ کردیا۔اس گول کے بعد مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا اور مانچسٹر یونائیٹڈ نے میچ برابر کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن اسے کامیابی نہ ہو سکی۔میچ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول نہ کر سکیں اور ریئل میڈرڈ نے فائنل 2-1سے جیت لیا۔ہسپانوی کلب کے عالمی شہرت یافتہ پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے بھی طویل تعطیلات کے بعد اس میچ میں شرکت کی۔ وہ زیادہ تر بنچ پر بیٹھے رہے لیکن جتنی دیر کے لئے میدان میں آئے انہوں نے کھیل میں دلچسپی اور سنسنی خیزی پیدا کئے رکھی۔

شیئر: