Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاندھی جی کے خوابوں کا ہندوستان تعمیر کریں، مودی

نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’ہندوستان چھوڑو‘‘تحریک کی 75ویں سالگرہ پر عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کے خوابوں کا ہندوستان تعمیر کریں۔ ملک سے غربت ، ناخواندگی ، غذائی قلت اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے 1942ء کی تحریک کے دوران اختیار کی گئی قوت ارادی اور جذبے کو از سرنوزندہ کرنا ہوگا۔لوک سبھا میں اگست تحریک کی75ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قومی پالیسی سیاست سے بالا تر ہوتی ہے لہذا ہم سب ملکر عہد کریں تو تمام چیلنجوں کا حل نکال سکتے ہیں۔ اس مہم میں تنہا نہیں، سوا100کروڑ ہندوستانیوں کا اعتماد ہمارے ساتھ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ضرورت صرف قوت ارادی اور عزم مصمم کا ہے۔عالمی حالات کے تناظر میں پوری دنیا ہند کی جانب پُرامید نظر سے دیکھ رہی ہے ۔ ملک کی ترقی اور سب کے مفادات کا یکساںلحاظ رکھنا ہوگا۔اس موقع پر تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بال گنگا دھر تلک نے نعرہ دیا تھا کہ ’’سوراج میرا پیدائشی حق ہے اور میں اسے لیکر رہونگا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ نعرہ بلند کرنا ہے کہ ہم سب مل کر ملک سے بدعنوانی دورکرینگے ، غریبوں کو ان کا حق دلائیں گے ، غذائی قلت کا خاتمہ کرینگے اورخواتین کو ان کے جائز حقوق دینگے، ناخواندگی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ’’ بھارت چھوڑو‘‘تحریک کے دوران معاشرے کے ہر طبقے نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔آج وہی جذبہ ملک میں بیدار کرنے کی ضرورت ہے تبھی ایک نئے ہندوستان کی تعمیر ممکن ہوگی۔

شیئر: