Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کارکنان کو لوٹنے والا مقامی جعلساز گرفتار

واردات کے وقت خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارہ کا اہلکار ظاہر کرتا تھا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پولیس نے غیر ملکی کارکنوں کو لوٹنے والے جعل ساز کو گرفتار کر لیا جو خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کر تا تھا ۔ ریجنل پولیس ترجمان کرنل ڈاکٹر عاطی القرشی نے بتایا کہ ایک ایشیائی نے ہنگامی پولیس سینٹرمیں رپورٹ درج کروائی کہ شہر کے جنوبی علاقے میں ایک مقامی شخص نے اسے روکا اور اقامہ طلب کیا ۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملزم نے اس سے کہا کہ اسکا اقامہ درست نہیں اس لئے اسے گرفتار کیا جائیگا ۔ غیر ملکی نے رپورٹ میں درج کروایا کہ جعل ساز نے اس سے 3000 ریال چھین لئے اور فرار ہو گیا ۔ رپورٹ درج کئے جانے کے بعد پولیس نے ملزم کا خاکہ تیار کر وایا اور اس کی تلاش شروع کر دی۔ وقوعہ کے چند دن بعد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جس کے قبضے سے وائرلیس سیٹ بھی برآمد ہوا جسے وہ واردات کے وقت خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کرنے کےلئے استعمال کیا کرتا تھا ۔ کرنل القرشی نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے پہلے بھی 8 غیر ملکیوں کو لوٹا تھا ۔ پولیس ملزم سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ 
 

شیئر: