شہزادہ ولیم کی ریاض میں خواتین فٹبالرز کے ساتھ تربیتی سیشن میں شرکت
پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم نے منگل کو ریاض میں خواتین فٹبالر سے ملاقات کی، وڈیو گیمز کھیلیں اور وہاں ایک کیفے میں موجود لوگوں سے گفتگو کی۔
عرب نیوز کے مطابق اپنے تین روزہ دورۂ مملکت کے دوسرے دن، 43 سالہ برطانوی تخت کے وارث نے شہری بحالی کے ایک منصوبے کا دورہ کیا، مقامی لڑکیوں کی یوتھ ٹیموں کے ساتھ فٹبال پریکٹس میں حصہ لیا اور ایک ای اسپورٹس مقابلے میں ویڈیو گیم بھی کھیلی۔

فوٹیج میں شہزادہ ولیم کو نوجوان فٹبالر، سائیکلسٹ اور بچوں سے بات کرتے دکھایا گیا، انہوں نے ٹریننگ کے دوران فٹبال میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول بھی کیے۔
انہوں نے مسک سپورٹس سٹی کے دورے کے دوران سائیکلسٹ، بچوں کے ایک گروپ سے ملاقات اور بات چیت کی۔

شہزادہ ولیم نے سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن بندر بن سلطان کے ہمراہ ای سپورٹس ایرینا کا دورہ کیا، اور وڈیو گیمز بھی کھیلیں۔
قبل ازیں سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے شہزادہ ولیم کو ریاض سپورٹس ٹریک منصوبے کا دورہ کرایا۔

انہیں منصوبے کی تفصیلات، معیار زندگی بڑھانے، صحت مند طرز زندگی اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
